اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ نئے آئین سے کرکٹ بورڈ میں کرپشن اور بدانتظامی کا خاتمہ ہو جائے گا۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا آئین جمہوری تقاضوں کے مطابق ہے جس میں تمام حکام کے اختیارات میں توازن رکھا گیا ہے، نئے آئین کے تحت چیئرمین کو اس کے عہدے سے ہٹایا بھی جا سکے گا۔
نئے آئین کے تحت کرکٹ کے معاملات میں ہونے والی بد انتظامی اور کرپشن کے دوازے بند ہوجائیں گے۔ انہیں خوشی ہے کہ وہ جس کام کے لئے آئے تھے وہ مکمل ہو گیا ہے۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ یونس خان کی ٹیسٹ کے ساتھ ساتھ ون ڈے اسکواڈ میں بھی شمولیت کے حوالے سے میڈیا اور عوام کی جانب سے مطالبات کئے جارہے تھے جو کہ جائز بھی تھے کیونکہ ان جیسے تجربے کار کھلاڑی کو ٹیم میں ہونا چاہیئے تھا، اس لئے انہوں نے چیف سلیکٹر معین خان اور ہیڈ کوچ وقار یونس سے خصوصی طور پر ان کی شمولیت کے لئے بات کی۔