نئی دلی (جیوڈیسک) بھارتی دارالحکومت نئی دلی کی اسمبلی کے لئے ہونے والے انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے واضح برتری حاصل کرلی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایگزٹ پول کے تحت نئی دلی کی اسمبلی کے لیے ہونے والے انتخابات میں اروند کجریوال کی عام آدمی پارٹی نے مرکز میں حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر واضح اکثریت حاصل کرلی ہے۔
ایگزٹ پول نتائج کے مطابق اب تک عام آدمی پارٹی 38 نشستیں جیت کر حکومت بنانے کی پوزیشن میں آچکی ہے اوراسے کسی بھی جماعت کی حمایت درکار نہیں ہوگی۔ دلی کے انتخابات میں بی جے پی اور اس کی اتحادی جماعتیں 29 نشستوں کے ساتھ دوسرےاور کانگریس تیسرے نمبر پر ہے۔
واضح رہے کہ عام آدمی پارٹی نے نئی دلی میں کانگریس کی حمایت سے حکومت قائم کی تھی تاہم بدعنوانی کے خلاف قانون سازی پر کانگریس نے حمایت سے انکار کردیا تھا جس کے بعد بل ریاستی اسمبلی میں پیش نہ کیا گیا اور وزیراعلیٰ اروند کجریوال اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے جس کے بعد دیگر جماعتوں کی حکومت سازی میں ناکامی پر نئی دلی کی اسمبلی تحلیل کردی گئی تھی۔