نئی دہلی (جیوڈیسک) ہندوستان میں پاکستانی سفارتخانے کو ایک خط کے ذریعے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط اور عملے کو سنگین دھمکیاں دی گئی ہیں۔ ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ان دھمکیوں کے بعد پاکستانی سفارتخانے کے عملے نے ہندوستانی حکومت سے سیکیورٹی انتظامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
رپورٹ میں سرکاری ذرائع کے حوالے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ چند روز قبل پاکستانی ہائی کمیشن کو ایک خط موصول ہوا جس میں اس کے عملے کو دھمکیاں دی گئی ہیں۔ مذکورہ خط کی وصولی کے بعد سفارتخانے کے حکام نے گزشتہ روز اس معاملے کو خارجہ امور کی وزارت کے سامنے اُٹھایا۔
پاکستان نے ہندوستانی حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس خط کی مکمل طور پر تفتیش کی جائے تاکہ اس بات کا پتہ چل سکے کہ یہ کس کی جانب سے بھیجا گیا ہے۔ پاکستانی حکام نے اس معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ نئی دہلی کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان ہائی کمیشن اور تمام سفارتخانوں کے ساتھ ان کے عملے کی حفاظت کو یقینی بنائے۔