نئی دلی میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش، 9 افراد ہلاک، متعدد زخمی

New Delhi

New Delhi

نئی دلی (جیوڈیسک) بھارتی دارالحکومت نئی دلی میں طوفانی ہواؤں اور موسلا دھار بارش کے بعد نظام زندگی مفلوج ہوکررہ گیا جبکہ مختلف حادثات کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دارالحکومت نئی دلی میں شام کے وقت اچانک کالے اندھیرے چھا گئے جس کے بعد طوفانی ہوائیں چلنے سے متعدد درخت جڑوں سے اکھڑ کر سڑکوں پر گر گئے جس کے بعد مختلف سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا۔

طوفانی ہواؤں کے بعد موسلا دھار بارش کے باعث ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر پناہ لینے پر مجبور ہوگئے جبکہ تیز ہواؤں کے دباؤ سے شہر میں چلنے والی 2 میٹرو بسیں بھی آپس میں ٹکرا گئیں۔

دوسری جانب ریلوے حکام کے مطابق طوفانی ہواؤں کی وجہ سے ریلوے نظام بھی بری طرح متاثر ہوا اوراس دوران مختلف ٹرینوں کو اپنے مقام پر ہی روک دیا گیا جبکہ نئی دلی ایئرپورٹ سے 18 بین الاقوامی پروازوں کو بھی منسوخ کردیا گیا۔