نئی دہلی (جیوڈیسک) نئی دہلی میں طالبہ زیادتی کیس میں نابالغ ملزم سے متعلق فیصلہ آج سنایا جائے گا۔ نئی دلی میں گزشتہ سال بس میں طالبہ سے اجتماعی زیادتی میں ملوث نابالغ ملزم سے متعلق فیصلہ طویل انتظارکے بعد بالآخرآج سنایا جائے گا۔ بھارتی دارالحکومت میں گزشتہ سال 16 دسمبر کو 23 سال کی طالبہ کے ساتھ بس میں اجتماعی زیادتی کی گئی تھی۔
طالبہ اوراس کے ساتھی کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا جس کے بعد اسے چلتی بس سے پھینک دیا گیا تھا۔ زخموں سے چورطالبہ واقعے کے 2 ہفتے بعد دنیا سے رخصت ہوگئی تھی۔ اجتماعی زیادتی کیا لزام میں 6 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔
گرفتار ملزمان میں سے نابالغ ملزم سے متعلق عدالت برائے نابالغان میں فیصلہ آج سنایا جائیگا۔ جرم ثابت ہونے پر نابالغ ملزم کو 3 سال کی قید ہوسکتی ہے۔ دیگر 4 ملزمان پر مقدمات چل رہے ہیں جن کافیصلہ آیندہ چند ہفتوں میں ہوجائیگا۔ جرم ثابت ہونے پر چاروں کو سزائے موت سنائے جانے کا امکان ہے۔ جبکہ ایک ملزم پہلے ہی جیل میں خودکشی کرچکاہے۔