لاہور (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے سینیٹر چوہدری اعتزاز احسن نے سپریم کورٹ میں پاناما کیس میں وزیراعظم نواز شریف اور حسین نواز کو طلب کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں پاناماکیس کے معاملے میں عدالت جانے کو تیار رہا مگر کچھ باتوں کی وجہ سے ایسا نہیں ہوسکا اور اب بھی سمجھتا ہوں تحریک انصاف کا کیس مضبوط ہے۔
نئی دستاویزات سے میری آنکھیں کھل گئی ہیں اگر نواز شریف بے گناہ ہیں تو عدالت میں ثبوت دیں اور عدالت میں جرح کے دوران سوالوں کے جوابات دیں۔
پاناماکیس میں کمیشن بن سکتا ہے مگر اس میں کمیشن بنانے کی ضرورت نہیں کیونکہ نوازشر یف اور ان کے بچے خود سب کچھ اعتراف کر چکے ہیں ’اب شر یف فیملی کو اپنی بے گناہی ثابت کر نے کیلئے کاغذ کے ثبوت دینا ہوں گے۔
اپنے ایک انٹر ویو میں اعتزاز احسن نے کہا کہ شریف فیملی کا کیس بہت کمزور ہے اس لیے وہ بار بار اپنے وکلاء کو تبدیل کر لیتے ہیں کیونکہ وکلاء بھی ان کو بتا رہے ہیں کہ ان کا کیس بہت کمزور ہو چکا ہے۔