امریکا : واٹس ایپ اپنے کلاؤڈ بیک اپ کی حفاظت کے لیے ایک نئے فیچر پر کام کر رہا ہے جسے ’’پاس ورڈ پروٹیکشن‘‘ کا نام دیا گیا ہے جس سے بیک اپ چیٹس محفوظ ہوجائیں گی۔
اگرچہ واٹس ایپ چیٹس پیغام بھینجنے اور وصول کرنے والے کے درمیان خفیہ ہوتی ہیں، کوئی اور اسے نہیں دیکھ سکتا تاہم یہ تحفظ گوگل ڈرائیو اور آئی کلاؤڈ پر محفوظ آن لائن بیک اپ میں نہیں ہوتا۔
اس ضرورت کو دیکھتے ہوئے واٹس ایپ بیک اپ میں بھی اب پاس ورڈ پروٹیکشن فیچر متعارف کرا رہا ہے۔ یہ سہولت اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے صارفین کے لیے دستیاب ہوگی۔
اس حوالے سے واٹس ایپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اپنے آئکلائڈ ڈرائیو بیک اپ تک غیر مجاز رسائی کو روکنے کے لئے اب صارفین ایسا پاس ورڈ ترتیب دے سکتے ہیں جو مستقبل کے بیک اپ کو محفوظ کرنے کے لئے استعمال ہوگا اور جب بھی صارف بیک اپ چیٹس کو بحال کرے گا تو اسے پاس ورڈ کی ضرورت ہوگی۔
جب بھی کوئی بیک اپ چیٹ تک رسائی کی کوشش کرے گا تو واٹس ایپ فوری طور پر فون نمبر کے ذریعے تصدیق لیے بغیر رسائی نہیں دے گا تاہم صارف کے لئے ضروری ہوگا کہ وہ اپنا پاس ورڈ یاد رکھے کیوں کہ پاس ورڈ بھولنے کی صورت میں بازیافت کی سہولت میسر نہیں اور ایسا بیک اپ چیٹس کو محفوظ بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
اس سے قبل بیک اپ کی حفاظت کلاؤڈ سروس فراہم کرنے والوں کی ذمہ داری ہوتی جو ماضی میں صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پاس جائز سرچ وارنٹ کے ساتھ قابل رسائی بناتے رہے ہیں تاہم پاس ورڈ پروٹیکشن کے بعد ایسا کرنا بھی ممکن نہیں ہو سکے گا۔