ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ حسینہ شردھا کپور کی نئی فلم ایک ولن نے دو ہفتے میں بانوے کروڑ سے زائد کما لئے، فلمی پنڈتوں نے فلم کے سو کروڑ کلب کا حصہ بننے کی پیشگوئی کر دی۔
بالی وڈ فلم عاشقی ٹو سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی شردھا کپور کی نئی فلم ایک ولن نے بھی باکس آفس پر دھوم مچا دی ہے۔ ایک ولن میں شردھا کپور کے ہیرو اداکار سدھارتھ ملہوترا ہیں جن کی اداکاری شائقین نے بےحد پسند کی ہے۔
عاشقی ٹو کی طرح اداکارہ شردھا کپور ایک ولن میں بھی اپنی بے ساختہ اداکاری سے فلم بینوں کو متاثر کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔ فلم دو ہفتے میں بانوے کروڑ اٹھاسی لاکھ روپے کا بزنس کر چکی ہے۔
چھوٹے بجٹ کی فلم عاشقی ٹو، ڈرٹی پکچر کے بعد ایک ولن نے غیرمعمولی زیادہ بزنس کر کے فلمی پنڈتوں کو حیران کر دیا ہے۔ فلمی پنڈتوں کا کہنا ہے شردھا کپور کی یہ فلم آنے والے دنوں میں سو کروڑ کلب کا حصہ بن سکتی ہے۔