سڈنی (جیوڈیسک) ہالی ووڈ کی نامور اداکارہ انجلینا جولی کا کہنا ہے کہ ان کی جنگ عظیم دوم پر بننے والی نئی فلم ’ان بروکن‘ دنیا سے نفرت اور تشدد کے زہر کو ختم کرنے کے لئے مدد گار ثابت ہو گی۔
آسٹریلیا میں اپنے شوہر بریڈ پٹ کے ہمراہ امریکی ایتھلیٹ پر بننے والی فلم کے ریڈ کارپٹ پریمیئر کے موقع پر انجلینا جولی کا کہنا تھا کہ آج دنیا میں جنگ اور تشدد کی وجہ سے لوگ اپنے مستقبل کے حوالے سے فکر مند ہیں، میں چاہتی تھی کہ اپنی فلم کے ذریعے دنیا سے ختم ہوتی انسانیت، بھلائی اور بھائی چارے جیسی چیزوں کو سامنے لاؤں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ فلم ایک امریکی ایتھلیٹ پر بنی ہے جو کہ دوسری جنگ عظیم کے دوران جاپان کا قیدی بن جاتا ہے جس کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور پھر 2 سال بعد اسے رہائی ملتی ہے۔
ہالی ووڈ اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں یہ فلم اس لئے بنانا چاہتی تھی کہ میں امریکی ایتھلیٹ اور اس کے ارد گرد کی زندگی سے سبق حاصل کر سکوں، میں نے امریکن ایتھلیٹ زیمپیرینی کو ان کی زندگی پر بننے والی فلم ان کے انتقال سے قبل اسپتال میں اپنے لیپ ٹاپ پر دکھائی جسے دیکھ کر وہ بہت خوش ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو اس فلم میں کام کرنے والی پوری ٹیم ایک کمیونٹی کی طرح بن چکی ہے اور ہم سب ایک دوسرے کے اچھے دوست بن گئے ہیں جب کہ دوسری جانب ہم سب میں سخت کام کرنے کی اخلاقیات بھی پیدا ہو گئی ہے۔