نئے قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس ناصر الملک آج حلف اٹھائیں گے

Nasir-ul-Mulk

Nasir-ul-Mulk

اسلام آباد (جیوڈیسک) نئے قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس ناصر الملک، آج حلف اٹھائیں گے۔

وہ جسٹس تصدق جیلانی کی جانب سے عہدہ چھوڑنے کے بعد چیف الیکشن کمشنر مقرر ہوئے ۔ جسٹس تصدق جیلانی نے سابق چیف الیکشن کمشنر جسٹس فخر الدین جی ابراہیم کے استعفے کے بعد اگست میں قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔

اپنی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تقرر کی منظوری کے بعد انہوں نے قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کی ذمہ داریاں چھوڑ دیں، الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو نیا قائم مقام چیف الیکشن کمشنر مقرر کرنے کی سمری بجھوائی گئی۔

جس پر انہوں نے جسٹس تصدق جیلانی کے بعد سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس ناصر الملک کا بطور قائم مقام چیف الیکشن کمشنر تقرر کردیا، جسٹس ناصر الملک آج گیارہ بجے اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

پاکستان کے مستقل چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ گزشتہ چار ماہ سے خالی ہے اور ابھی تک نئے الیکشن کمشنر کا تقرر نہیں ہوسکا۔