لاہور (جیوڈیسک) ریلوے کے نئے جی ایم انجم پرویز نے چارج سنبھالتے ہی مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں پانچ سے تیس فیصد کمی کا اعلان کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ اس سے مسافروں کی تعداد اور ریلوے کی آمدنی میں اضافہ ہو گا، گریڈ اکیس کے افسر انجم پرویز نے آج جنرل مینجر عہدے کا چارج سنبھال لیا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور اور راول پنڈی کے درمیان جعفر ایکسپریس کے کرایوں میں 30 سے 35 فیصد فوری کمی کر دی گئی ہے جبکہ برانچ لائنوں کی ٹرینوں کے کرایوں میں جولائی کے آخر میں کمی کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ ایکسپریس، تیز گام، قراقرم اور کراچی ایکسپریس کو اچھے انجنوں اور بہتر سفری سہولتوں کیساتھ چلایا جائے گا،جی ایم کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہے کہ کوئی مزید ٹرین بند نہ کی جائے جبکہ چھ ماہ تک مال گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ کر دیا جائے گا۔