نئی حکومت کا قیام، بیرونی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ

Investment

Investment

پاکستان (جیوڈیسک) عام انتخابات اور مضبوط سیاسی حکومت کے قیام کے بعد۔ روٹھے ہوئے بیرونی سرمایہ کاروں کا رخ پھر سے پاکستان کی جانب ہوگیا۔ انتخابات اورنئی حکومت کے قیام کے ساتھ ہی ملک میں بیرونی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے۔ اسٹیٹ بینک کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مئی2013 میں پاکستان میں 46 کروڑ 53 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی اور اس میں مئی 2012 کے مقابلے میں35 کروڑ91 لاکھ ڈالر کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رواں مالی سال کے گیارہ ماہ کے دوران پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم ایک ارب 32 کروڑ ڈالر رہا۔ جس میں72 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ جبکہ مجموعی نجی غیر ملکی سرمایہ کاری91 فیصد بڑھکر ایک ارب41 کروڑ63 لاکھ ڈالر رہی۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی 2012 سے مئی2013 کے دوران ملکی اسٹاک مارکیٹوں میں پونے دس کروڑ ڈالر کی خالص بیرونی سرمایہ کاری ہوئی تاہم مئی 2013 میں ملکی اسٹاک مارکیٹوں سے 12 کروڑ 20 لاکھ ڈالر نکال لئے گئے۔