کابل (اصل میڈیا ڈیسک) افغانستان میں نئی حکومت کی تشکیل میں طالبان نے پاکستان ، چین، روس، ایران، ترکی اور قطر کو شرکت کی دعوت دی ہے۔
افغان میڈیا نے یہ بھی دعوی کیا ہے کہ نئی حکومت کے لیے بات چیت مکمل ہو گئی ہے جبکہ اس سلسلے میں جلد تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل معاون ترجمان افغان طالبان بلال کریمی نے کہا تھا کہ نئی حکومت کا جلد اعلان کریں گے تاخیر نہیں ہو گی۔
دوسری جانب ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا ہے کہ طالبان نے پنجشیر پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ پنجشیر میں جھڑپوں کے دوران کئی باغی جنگجو ہلاک اور کئی فرار ہو گئے ہیں جس کے بعد پنجشیر کے عوام باغی کمانڈروں کی شر سے آزاد ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ پنجشیر پر کنٹرول کے بعد افغانستان جنگ سے پاک ہو گیا ہے اور افغان عوام اب امن کے ساتھ زندگی گزاریں گے۔
ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ پنجشیر کے عوام ہمارے بھائی ہیں اور ملک کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔
گزشتہ روز پنجشیر میں قومی مزاحمتی فورس کے سربراہ احمد مسعود نے طالبان سے جنگ روکنے کی مشروط پیشکش کی تھی۔