نئی حج پالیسی کا اعلان، درخواستیں 18 سے 26 اپریل تک وصول ہوں گی

Hajj

Hajj

اسلام آباد (جیوڈیسک) نئی حج پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے بتایا کہ پاکستانی حج کوٹے میں بیس فیصد کمی برقرار ہے۔ رواں برس چھیاسی ہزار حجاج سرکاری جبکہ ستاون ہزار نجی کوٹے پر حجاز مقدس جائیں گے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر حج اخراجات میں کمی کی گئی ہے۔

شمالی زون کیلئے حج کرایہ98700 سے کم کر کے 95600 کر دیا گیا ۔ جنوبی زون کے لیے حج کرایہ 89700 سے کم کر کے 86000 کر دیا گیا ہے۔ جنوبی ریجن سندھ ، بلوچستان کے لیے 2لاکھ 61 ہزار 941روپے اخرجات جبکہ پنجاب ،خیبرپختونخوا کے حج اخراجات 2 لاکھ 70ہزار 941روپے ہوں گے۔

سردار یوسف نے بتایا کہ حج درخواستیں اٹھارہ سے چھبیس اپریل تک وصول کی جائیں گی۔ قرعہ اندازی انتیس اپریل کو ہو گی۔ رواں سال حاجیوں کو اضافی سہولتیں بھی ملیں گی۔ حجاج کرام کی ایئرپورٹ پر جوس، پھلوں اور سینڈوچز سے تواضع ہو گی۔ حجاج کرام کو قیام وطعام اور ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر ہو گی۔

سرکاری اسکیم کے تحت حجاج کو عرفات میں ایئر کولر کی سہولت فراہم کریں گے۔ اس سال ٹریکنگ سسٹم کو بھی شامل کیا جائے گا وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ موجودہ حج پالیسی پر عدالت نے بھی اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ حج آپریشن کی نگرانی کو مضبوط بنایا جائے گا۔ اس سال بھی کسی کو مفت حج نہیں کرایا جائے گا۔