نیو جرسی (جیوڈیسک) امریکہ کی ریاست نیو جرسی میں ایک مسافر ٹرین ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم میں گھس گئی جس سے ایک شخص ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔
یہ واقعہ ہوبوکن شہر میں جمعرات کو پیش آیا۔ ایک ترجمان جان میلی نے بتایا کہ ریل گاڑی پٹڑی سے اتری اور پلیٹ فارم میں جا گھسی اور اس وقت یہاں لوگوں کی ایک بری تعداد موجود تھی۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ ٹرین رکاوٹ کو توڑتے ہوئے پلیٹ پر چڑھ آئی اور انتظار گاہ کے قریب پہنچ کر رکی۔
نیو جرسی کے گورنر کرس کرسٹی کا کہنا تھا ریل گاڑی “کی رفتار بہت تیز تھی اور یہ رکنے سے پہلے تمام رکاوٹیں توڑ چکی تھی۔”
انھوں نے اس حادثے کی وجوہات تو نہیں بتائیں لیکن ان کا کہنا تھا کہ ٹرین کا انجینیئر شدید زخمی حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہیں اور وہ “تحقیقات کے لیے قانون نافذ کرنے والوں کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔”
ٹرین کی تیسری یا چوتھی بوگی میں بیٹھے روس بایور نے بتایا کہ “اچانک ایک جھٹکا لگا جو اتنا شدید تھا کہ سب لوگ اپنی نشستوں سے جا گرے۔ لائٹیں بند ہو گئیں اور ہم نے دھماکا سنا اور پھر چیخ و پکار سنائی دینے لگی۔”
ایک خاتون مسافر نے بتایا انھیں دیر ہو رہی تھی اور بالکل آخری لمحوں میں گاڑی پر سوار ہوئیں۔ حادثے کے پانچ گھنٹوں بعد بھی وہ انتہائی خوف اور تکلیف کا شکار نظر آئیں۔