نیو کراچی کالعدم تنظیموں کو مغوی فروخت کرنے والے دو ملزمان گرفتار

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل نے نیو کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے لوٹ مار کی درجنوں وارداتوں اور کالعدم تنظیموں کے لیے بندے اغوا کرنے والے گروہ کے دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔ ایس پی ناصر آفتاب نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اے وی سی سی کی ٹیم نے خفیہ اطلاع ملنے پر نیو کراچی اللہ رکھا گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان خالد عرف دانش اور ارشد عرف اشرف کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے دو پستول اور ایک سرکاری ریوالور برآمد کرلیا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے دوران تفتیش 40سے زائد موٹر سائیکلیں چھیننے اور درجنوں دکانوں میں ڈکیتی کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے جس میں شفیق موڑ میں قسطوں کی دکان سے 40 ہزار روپے چھیننے کی واردات بھی شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے ناظم آباد میں ایک نجی بینک لوٹنے کی بھی کوشش کی تھی تاہم وہ کامیاب نہ ہوسکے ، ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے وہ اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں بھی ملوث رہے ہیں اور وہ بندے اغوا کر کے کالعدم تنظیم کے ارکان کو دیتے تھے جس کے عوض انہیں رقم ملا کرتی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان بھتہ خوری کی وارداتوں میں بھی ملوث رہے ہیں اور گرفتار ملزمان ہر علاقے میں جاکر کارروائیاں کرتے تھے، ان کے گروپ ارکان ان کی معاونت کرتے تھے۔

چوری کی موٹر سائیکلیں 9 سے 10 ہزار روپوں میں فروخت کرتے تھے جو دوسرے صوبوں میں اسمگل کی جاتی ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ مجموعی طور پر 6رکنی گروہ ہے ،گرفتار ہونے والے ملزمان میں سے ایک ملزم لنگڑا ہے جسے وہ ڈھال کے طور پر استعمال کرتے تھے، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور اہم انکشافات کی توقع ہے۔