کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچستان اسمبلی میں نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے اسپیکر راحیلہ درانی کی زیرصدارت اجلاس جاری ہے، اجلاس میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے رائے شماری ہوگی۔ 65 کے ایوان میں 50 سے زائد ارکان موجود ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)، مسلم لیگ(ق) کے متفقہ اور متحدہ اپوزیشن کے حمایت یافتہ اُمیدوار میر عبدالقدوس بزنجو اور لیاقت آغا کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ ہو گا۔
بلوچستان اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس کے حوالے سے سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں، جب کہ بلوچستان اسمبلی کے تمام ملحقہ راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے اور ٹریفک پولیس کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اسمبلی اجلاس کے دوران زرغون روڈ کے بجائے صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک متبادل راستوں کو اختیار کریں۔
عبد القدوس بزنجو کی پوزیشن مضبوط ہے اور انہیں 40 سے زائد ووٹ ملنے کا امکان ہے، نیشنل پارٹی نے نامزد امیدواروں کی حمایت سے انکار کر دیا، نئے وزیراعلی کے متنتخب ہونے بعد حلف برداری کی تقریب آج شام متوقع ہے، گورنر بلوچستان نئے وزیراعلی سے حلف لیں گے۔