اسلام آباد (جیوڈیسک) نئے وزیر اعظم کے انتخاب کیلئے قومی اسمبلی اجلاس جاری ہے، ن لیگ کے قائد نواز شریف کا پیپلز پارٹی کے امین فہیم اور تحریک انصاف کے مخدوم جاوید ہاشمی سے مقابلہ ہے۔ جماعت اسلامی ، جے یوآئی ، ایم کیو ایم اور شیر پاو نے نواز شریف کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ قائد ایوان کے انتخاب کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت تلاوت کلام پاک سے شروع ہوا۔ قائد ایوان کے لیے342 رکنی ایوان میں171 سے زائد ارکان کی حمایت درکار ہے اور ن لیگ کے صرف اپنے ارکان کی تعداد ہی اس سے زائد ہے۔
وزارت عظمی کے لئے نواز شریف کے مقابلے میں مخدوم امین فہیم اور مخدوم جاوید ہاشمی میدان میں ہیں۔ جمعیت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جذبہ خیر سگالی کے تحت وزیر اعظم کے انتخاب میں نواز شریف کو ہی ووٹ دیا جائے گا۔ آفتاب احمد خان شیرپاو اور فاٹا کے ارکان اسمبلی نے بھی وزیر اعظم کے لیے نواز شریف کو ووٹ دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ ایم کیو ایم پہلے ہی نواز شریف کی حمایت کرچکی ہے۔
البتہ ن لیگ متفقہ وزیر اعظم کے انتخاب کے لئے پیپلز پارٹی کی حمایت حاصل کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔ قائد ایوان کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی میں امیدواروں کے لیے الگ الگ لابیز بنائی جائیں گی،جو رکن جس امیدوار کو ووٹ دینا چاہے گا، اس کی لابی میں چلا جائے گا، جس کے بعد ہر امیدوار کے حامی ارکان کی گنتی کی جائے گی اور اسپیکر نتائج کا اعلان کریں گے۔