کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) سندھ کے نئے بلدیاتی قانون کے خلاف امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں سندھ اسمبلی کے باہر جماعت اسلامی کا دھرنا جاری ہے۔
جماعت اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اور گوادر دھرنے کے قائد مولانا ہدایت الرحمان بھی دھرنے میں شریک ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم کا کہنا ہے کہ اپوزیشن فرینڈلی ہے اور اپوزیشن کو ڈرائنگ روم سیاست سے باہر نکلنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ کالے قانون کے ذریعے کراچی کے بلدیاتی اداروں پر قبضہ کیا گیا ہے، جعلی بھرتی اور کرپشن کے لیے پیپلز پارٹی اداروں پر قبضہ کرتی ہے، سندھ اسمبلی کے سامنے جعلی اور کالے بلدیاتی قانون کو مسترد کرتے ہیں۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا وہ ایسا قانون چاہتے ہیں جس میں کے ڈی اے، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور واٹر بورڈ سمیت کراچی کا ہر ادارہ میئر کے ماتحت ہو۔
دوسری جانب جماعت اسلامی کے دھرنے کے باعث سندھ اسمبلی آنے اور جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے۔