لاہور (جیوڈیسک) تین سو ایک یونٹ بجلی استعمال کرنے والے اس صارف کا بل اس ماہ پینتالیس سو انہتر روپے کر دیا گیا ہے۔ گذشتہ ماہ اسی صارف نے صرف گیارہ یونٹ کم یعنی دو سو اکیانوے یونٹ بجلی استعمال کی تھی اور جس کا بل موجودہ رقم سے آدھا یعنی بائیس سو بیاسی روپے تھا۔
نئے فارمولے کے تحت ایک سو یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو پانچ روپے اناسی پیسے، ایک سو سے دو سو یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو آٹھ روپے گیارہ پیسے فی یونٹ کو بل دینا ہو گا۔ لیکن میٹر کے دو سو یونٹ سے اوپر جاتے ہی تمام یونٹ کا ریٹ بارہ روپے نوے پیسے لاگو کر دیا گیا ہے۔
تین سو ایک سے سات سو یونٹ تک استعمال ہونے والی بجلی کی قیمت اٹھارہ روپے بہتر پیسے فی یونٹ ہوگی لیکن میٹر سات سو ایک یونٹ اوپر چلا گیا تو تمام بل کا ریٹ بارہ روپے نوے پیسے سے بڑھ کر اٹھارہ روپے بہتر پیسے فی یونٹ ہو جائے گا۔
نئی قیمتوں کے نوٹیفیکشن سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ تین سو یونٹ تک ماہانہ استعمال کرنے والے سفید پوشوں کے لئے بجلی کا ایک یونٹ پانچ روپے پچانوے پیسے اضافے سے چودہ روپے پندرہ پیسے کا ہو گیا ہے۔ سرکاری ٹی وی فیس کے پینتیس روپے اور نیلم۔ جہلم بجلی گھر کے دس پیسے فی یونٹ اس کے علاوہ وصول کئے جائیں گے۔
نیپرا حکام کے مطابق حکومت کی سبسڈی میں کمی کے بعد دستیاب رقوم کے لحاظ سے گیارہ اکتوبر کو نیا نوٹیفیکشن جاری کر دیا جس کے تحت موجودہ بل صارفین کو بھیجے گئے ہیں۔