پاکستان (جیوڈیسک)آئی سی سی نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی۔ بیٹسمینوں میں ہاشم آملہ ٹاپ پرقابض ہیں۔ اے بی ڈی ویلیئرز ایک درجے ترقی پاکر دوسرے نمبر پر آگئے ہیں ۔
آئی سی سی کی جاری کردہ نئی رینکنگ کے مطابق بیٹسمینوں میں جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ پہلے، اے بی ڈی ویلیئرز دوسرے اور ویسٹ انڈیز کے شیو نرائن چندرپال تیسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے یونس نویں اور مصباح الحق سولہویں نمبر پر موجود ہیں۔ لیکن انگلینڈ کے جوناتھن ٹراٹ نے ہموطن کیون پیٹرسن سے دسویں پوزیشن چھین لی ہے۔ پاکستان کے اظہر علی ایک درجہ تنزلی کے بعد تیرہویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
بولرز میں ابتدائی پانچ پوزیشنز برقرار ہیں۔ جس کے مطابق جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین پہلے، ورنن فلینڈر دوسرے اورپاکستان کے سعید اجمل تیسرے نمبر پر ہیں۔ عمر گل دو درجے ترقی کے بعد انیسویں نمبر پر آگئے ہیں تو عبدالرحمان ایک درجے تنزلی کے بعد چودہویں نمبر چلے گئے ہیں۔ آل رانڈرز میں بنگلہ دیش کے شکیب ال حسن کی پہلی اور جنوبی افریقہ کے ژیاک کیلس کی دوسری پوزیشن ہے۔ بھارت کے چندرن ایشون اور جنوبی افریقہ کے ورنن فلینڈر کی مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن ہے۔