نیو ائیر نائٹ , محفلیں سجانے کی تیاریاں , منچلوں کے خلاف کاروائی کے لیے پولیس پلان

New Year

New Year

لاہور (جیوڈیسک) صوبائی دارالحکومت میں نیو ایئر نائٹ منانے کی تیاریاں عروج پر، منچلوں نے شہر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں 250 سے زائد فارم ہاوسز ہوٹلز اور گیسٹ ہاوسز سمیت پوش علاقوں میں بعض افراد نے گھروں میں محفلیں سجانے کے انتظامات مکمل کر لیے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں نیوایئر نائٹ کے موقع پر شوبز سے وابستہ اداکاروں اور گلوکاروں کو مدعو کر کے محفل کو رنگین بنانے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ نیو ائیر نائٹ کے موقع پر ملتان روڈ، رائے ونڈ روڈ، بیدیاں روڈ، قصور روڈ، جلوموڑ روڈ، رنگ روڈ، مانگا روڈپر واقع اہم شخصیات کے فام ہاؤسز جبکہ شہر میں جو ہر ٹاؤن،شادمان، ٹاؤن شپ، مسلم ٹاؤن، گلبرگ، ڈیفنس، ماڈل ٹاؤن ،سبزہ زار، راوی روڈ، ڈیوس روڈ، نوانکوٹ کے علاقوں میں گیسٹ ہاؤسز، ہوٹلز اور پوش علاقوں میں بعض مقامات پر نیو ایئر نائٹ منانے کے لیے ملکی اور غیر ملکی مہمانوں کوشرکت کی دعوت دی گئی ہے

گزشتہ روز شہر کے ہوٹلز میں قائم با رز سے کروڑوں مالیت کی شراب خرید کر ان مقامات تک پہنچادی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق بااثر شخصیات کے فارم ہاؤسز پر مہمانوں کے پروٹو کول کے لیے پولیس اہلکار تعینات کرنے کے لیے اعلیٰ حکام سے رابطے کیے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب شباب ملی لاہور کے صدر عابد میر نے بتایا کہ نیوایئر نائٹ کے موقع پر فحاشی کو روکنے کے لیے ایکشن کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے

اگر انہیں نیو ایئر نائٹ پر غیر اخلاقی تقریبات کو روکنے کے لیے طاقت کا استعمال بھی کر نا پڑا تو اس سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ لاہور پولیس نے معروف شاہراؤں پر ون ویلنگ اور موٹر سائیکلوں کی بفلیں نکال کر ہلہ گلہ کرنے والے منچلوں کے خلاف کارروائی کا پلان تیا ر کر لیا ہے۔ نیو ایئر نائٹ کے موقع پر شہر کی معروف شاہراؤں پر 8000 پولیس اہلکار ڈیوٹی سر انجام دینگے۔