سال نو کے موقع پر پابندی کے باوجود ون ویلنگ
Posted on January 8, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز
لاہور : رکن صوبائی اسمبلی و پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے سال نو کے موقع پر پابندی کے باوجود ون ویلنگ، ریس جوئے اور ان کے نتیجے میں ہونے والے جانی ومالی نقصان پر پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک التواء جمع کروا دی۔
تحریک التواء میں کہا گیا ہے کہ”سال نو کے موقع پر نوجوان نسل کی جانب سے غل غپاڑہ، و ن ویلنگ، کھیل کود، ناچ گانا اور فرسٹریشن دیکھنے میں آئی وہ کسی ملک یا قوم کے لیے اچھی علامت نہیں۔
خاص طور پر ون ویلنگ کے ذریعے ہونے والا نقصان ناقابل تلافی اور قابل توجہ ہے اور یہ نوجوانوں میں پائی جانے والی فرسٹریشن کا عکاس بھی ہے۔
ضرورت ہے کہ پنجاب حکومت صوبہ کے نوجوانوں کے لیے ٹھوس اقدامات کرتے ہوئے اور معاشرے میں سر اٹھا کر چلنے کے قابل بنانے اور روزگار کی فراہمی کے لیے نئی سکیمیں متعارف کرائے۔ نیز نوجوان نسل میں فرسٹریشن کے خاتمے کے لیے کھیل کے میدان مہیا کرنے کا انتظام کرے۔
دریں اثنا جماعت اسلامی پنجاب کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر سید وسیم اختر کی جانب سے قرارداد بھی پنجاب اسمبلی میں جمع کروائی گئی جس میں کہا گیا کہ ”کرمنالوجی”انتہائی اہم موضوع اور دنیا بھر کی یونیورسٹیوں میں قائم اہم شعبہ ہے۔
جرائم کے حوالے سے تحقیق و جستجو اور نئی جہتیں متعارف کرانے کا اہم ذریعہ ہے لیکن پاکستان کی یونیورسٹیز میں یہ موضوع نظر انداز ہے۔
ضرورت ہے کہ وقت اورحالات کے تقاضے کے مطابق پنجاب کی تما م یونیوسٹیزمیں کرمنالوجی کا شعبہ قائم کرنے کا اعلان کیا جائے تا کہ یہاں بھی اس موضوع کے حوالے سے پیش رفت ہو سکے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com