اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) نئے سال کے پہلے ہفتے کے دوران بھی مہنگائی کی شرح میں 0.08 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 20.08 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ایک ہفتے کے دوران 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا جبکہ سب سے کم آمدنی رکھنے والے غریب طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 21.38 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی۔ حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.08 فیصد کا اضافہ ہوا جب کہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 20.08 فیصد رہی۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق برائلر مرغی 8 روپے 96 پیسے ، دال مسور 3 روپے 23 پیسے ، دال مونگ 1 روپے 67 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی جبکہ چینی کی فی کلو قیمت 62 پیسے اضافے کے بعد 92 روپے 74 پیسے فی کلو ہوگئی۔ ایک ہفتے کے دوران لہسن دو روپے فی کلو، پٹرول 3 روپے 80 اور ڈیزل 3 روپے 81 پیسے فی لٹر مہنگا ہوا۔ جلانے کی لکڑی، ماچس، گرم مسالہ جات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ لہسن ایک روپے 82 پیسے اور مٹن بھی 4 روپے 53 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔
دوسری جانب حالیہ ہفتے ٹماٹر 10 روپے 6 پیسے، سرخ مرچ کے 200 گرام کے پیکٹ کی قیمت میں 48 روپے 63 پیسے کمی ہوئی، انڈے 4 روپے 19 پیسے فی درجن، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 23 روپے 35 یسے جبکہ ایک ہفتے کے دوران 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
کم آمدنی رکھنے والا غریب طبقہ مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا جس کے لیے مہنگائی کی شرح 21.38 فیصد رہی۔