نیویارک (جیوڈیسک) امریکی شہر نیویارک کے مصروف ترین علاقے مین ہیٹن کے ایک بس ٹرمینل پر دھماکے سے 31 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ خبریں ہیں کہ پولیس نے دھماکے میں ملوث مشتبہ شخص کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ہے۔ دھماکا ہوتے ہی سیاحوں اور وہاں موجود لوگوں میں خوف پھیل گیا۔ لوگ خوف کے مارے وہاں سے بھاگنا شروع ہو گئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس، سیکیورٹی ادارے اور امدادی ٹیمیں حرکت میں آ گئیں۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ ایمبیولینسوں کی مدد سے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کا کام جاری ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق پولیس ابھی تک دھماکے کا تعین نہیں کر پائی ہے۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری سارہ سینڈرز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دھماکے کے بارے میں بریف کیا جا چکا ہے۔ خیال رہے کہ پورٹ اتھارٹی بس ٹرمینل کا شمار امریکا کے بڑے ٹرمینلز میں ہوتا ہے، جہاں سے سالانہ 65 ملین افراد سفر کرتے ہیں۔