واشنگٹن (جیوڈیسک) پاکستان کے سترہواں جشن آزادی کے موقع پر، نیویارک کے معروف کاروباری مرکز ٹائمز اسکوائر پر واقع دنیا کے مشہور اسٹاک ایکسچنج کی عمارت، ’نیس ڈیک‘ میں پاکستان کا قومی پرچم لہرایا گیا۔
پاکستان کے سترہویں جشن آزادی کے حوالے سے امریکہ میں مقیم پاکستانی کاروباری شخصیات کی تنظیم، پاکستانی امریکن بزنس ایسوسی ایشن کی کاوشوں سے نیویارک کے معروف کاروباری مرکز میں ٹائمز اسکوائر پر قائم دنیا کے مشہور اسٹاک ایکسچنج کی عمارت ’نیس ڈیک‘ پر پاکستانی پرچم لہرانے کی تقریب منعقد ہوئی جس کی مہمان خصوصی اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب، ملیحہ لودھی تھیں۔
اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی نے ’نیس ڈیک‘ میں جاری اس دن کے کاروبار کی اختتامی گھنٹی بجائی۔ اس موقع، پر امریکہ کی چیدہ چیدہ کاروباری شخصیات بھی موجود تھیں۔
ملیحہ لودھی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان تیزی سے ترقی کرتا ہوا ملک ہے جہاں کاروبار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انھوں نے امریکی اور امریکہ میں مقیم پاکستانی کاروباری اداروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت کی کوششوں کے نتیجے میں ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور افراط زر میں کمی آئی ہے۔ ’نیس ڈیک‘ میں پاکستان کا پرچم سربلند کرنے کا مقصد دنیا کے سب سے بڑے معاشی مرکز میں یہ پیغام پہنچانا ہے کہ پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے لئے بہترین مواقع فراہم کر رہا ہے۔
ملیحہ لودھی نے ’وائس آف امریکہ‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا معاشی مستقبل روشن ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ دنیا اس روشن مستقبل کے حصول میں ہماری مدد کرے۔ انھوں نے نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر پاکستان کا پرچم لہرائے جانے کو ملک کے لئے نیک شگون قرار دیا۔
اس موقع پر پاکستانی امریکن بزنس اسوسی ایشن (پابا) کے آرگنائزر، سجاد قمر کا کہنا تھا کہ ان کی تنظیم نے امریکہ بھر میں کاروباری اداروں کو پاکستان کا روشن چہرہ دیکھایا ہے، جس کے نتیجے میں، امریکی کاروباری ادارے پاکستان میں سرماریہ کاری کے لئے رضامند ہوں گے۔
’پابا‘ کے چیئرمین، صدیق شیخ نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’نیس ڈیک‘ میں دنیا کی کامیاب کمپنیاں شامل ہیں ان کا پاکستانی کمپنیوں سے رابطہ کرانا اور پاکستان اداروں کو عالمی سطح پر متعارف کرانا ہمارا مقصد ہے، جس میں ہمیں کامیابی حاصل ہو رہی ہے اور پاکستانی تاجروں کی دنیا بھر کی مارکیٹوں تک رسائی کی سہولت حاصل ہو رہی ہے۔