واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی عدالت نے ایئرپورٹ پر روکے گئے تارکین وطن کی بے دخلی روک دی ہے۔یہ حکم نیویارک کے علاقے بروکلین کی ایک عدالت نے جاری کیا۔
درخواست امریکن سول لبرٹیز یونین کی جانب سے دائر کی گئی تھی جس پر امریکی عدالت نے تارکین وطن کو بے دخل کرنے کے خلاف حکم جاری کیا۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے ایگزیکٹو آرڈر کے بعد 100 سے 200 افراد کو مختلف ایئرپورٹس پر روک لیا گیا تھا۔
ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے پاکستان، افغانستان، ملائیشیا، عمان، تیونس اور ترکی امریکی پابندی سے متاثر نہیںہوں گے جبکہ گرین کارڈ رکھنے والوں کو امریکا میں واپسی سے پہلے امریکی سفارتخانے یا قونصل خانے سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادھر امریکا میں 7 مسلم ملکوں کے باشندوں پر سفری پابندی کے خلاف نیو یارک، واشنگٹن اور شکاگو سمیت کئی امریکی ہوائی اڈوں پر مظاہروں کے دوران 100 سے زائد افراد گرفتار کر لیے گئے ہیں۔