ابوظبی (جیوڈیسک) احمد شہزاد اور محمد حفیظ نے نیوزی لینڈ کے خلاف ریکارڈ اوپننگ شراکت قائم کردی، دونوں نے مل کر 178 رنز بنائے، اس سے قبل رمیز راجہ اور شعیب محمد نے کراچی میں 1990 میں 172 رنز کی شراکت کی تھی۔
یہ پاکستانی اوپنرز کی جانب سے 13 ویں 150 پلس شراکت ہے، ٹیسٹ کرکٹ میں یہ پاکستان کی مجموعی طور پر پہلی وکٹ کے لیے چوتھی بڑی شراکت ہے، اس سے قبل تین ڈبل سنچری اوپننگ پارٹنرشپس ہوچکیں۔
جبکہ سب سے زیادہ 298 کی ابتدائی شراکت عامر سہیل اور اعجازاحمد کے درمیان ویسٹ انڈیز کے خلاف کراچی میں 1997 میں ہوئی تھی۔ یہ پاکستان کا 14 برس میں پہلا بڑا اوپننگ اسٹینڈ ہے۔ اس سے پہلے برج ٹاؤن میں 2000 میں عمران نذیر اور محمد وسیم نے 219 رنز بنائے تھے۔
کسی بھی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں یہ پاکستان کی ابتدائی وکٹ کے لیے دسویں سنچری شراکت اور پہلی اننگز کے حساب سے حفیظ اور احمد شہزاد نے اپنے ملک کی دوسری بڑی اوپننگ پارٹنر شپ کی ہے۔
اس سے پہلے کسی بھی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 50 برس قبل کیریئر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے عبدالقادر اور خالد عباداللہ نے 249 رنز بنائے تھے۔ آخری مرتبہ سنچری اسٹینڈ 2005 میں سلمان بٹ اور یاسر حمید کے درمیان آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں 102 رنز کی صورت میں ہوا تھا۔ احمد شہزاد بطور اوپنر 8 ٹیسٹ میچز میں تین سنچریاں اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔
انھوں نے رواں برس 13 اننگز میں 575 رنز 47.91 کی اوسط سے اسکور کیے ہیں، اوپنرز میں صرف ڈیوڈ وارنرکی سنچریاں ان سے زیادہ ہیں۔ 2000 کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب کسی پاکستانی اوپنر نے پورے دن بیٹنگ کی ہو، احمد شہزاد سے قبل یہ کارنامہ ان کے موجودہ پارٹنر حفیظ نے 2012 میں کولمبو ٹیسٹ کے دوران پورے دن میں ناقابل شکست 172 رنز بناکر انجام دیا تھا۔پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 5 مرتبہ یہ کارنامہ مدثرنذر نے انجام دیا ہے۔
حفیظ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 96 رنز پر آؤٹ ہوئے یہ ان کی بطور اوپنر 14 اننگز میں پہلی ففٹی ہے، اس سے قبل کی 13 اننگز میں انھوں نے صرف 11.53 کی اوسط سے150 رنز اسکور کیے تھے۔ مجموعی طور پر 2013 کے بعد سے ان کی اب تک 17 اننگز میں اوسط صرف 16.43 بنتی ہے۔
جس میں یہ ایک ففٹی شامل ہوگئی ہے۔یہ آٹھواں موقع ہے جب کسی ایک اننگز میں دونوں اوپنرز نے 90 یا اس سے زائد رنز بنائے، آخری بار ایسا 2006 کے اوول ٹیسٹ میں ہوا تھا مگر تب کوئی بھی اوپنر سنچری مکمل نہیں کرپایا تھا، اس وقت بھی حفیظ 95 رنز پر جبکہ ان کے اوپننگ پارٹنر عمران فرحت 91 پر آئوٹ ہوگئے تھے۔