نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کیلئے تیار ہیں: سرفراز احمد

Sarfraz Ahmed

Sarfraz Ahmed

ابوظہبی (جیوڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں عمدہ کارکردگی کے لئے تیار ہیں اور شاہین آفریدی کیویز کے خلاف ڈیبیو کریں گے۔

ابوظہبی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم کا تیسرا ٹیسٹ ہمارے لئے اہمیت کا حامل ہے اور ہمیں اس بات کا اندازہ ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم مشکل حریف ہے تاہم دبئی ٹیسٹ کی جیت نے ہمارا حوصلہ بلند کیا ہے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ ابوظہبی میں ٹاس جیتے تو پہلے بیٹنگ کو ترجیح دیں گے، دراصل ایشیا میں ٹاس جیت کر ٹیمیں پہلے بیٹنگ کو ہی ترجیح دیتی ہیں اور ہم بھی ایسا ہی سوچتے ہیں۔

کپتان نے لیگ اسپنر یاسر شاہ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بولنگ ہماری جیت کے لئے اہمیت کی حامل ہوگی۔

ٹیم میں تبدیلیوں کے حوالے سے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ محمد عباس کی جگہ شاہین آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے البتہ فہیم اشرف کو 12 کھلاڑیوں میں شامل رکھا ہے تاہم بلال آصف یا فہیم اشرف میں سے کسی ایک کے انتخاب کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں بحیثیت وکٹ کیپر 148 کیچ لینے والے سرفراز احمد نے کہا کہ وکٹ کیپنگ ان کی جاب ہے، ٹیسٹ کرکٹ میں ضرور وہ 150 کیچ سے دو شکار دور ہیں، تاہم ٹیم کے لئے بہترین وکٹ کیپنگ ہمیشہ ان کی اولین ترجیح رہی ہے۔

یاد رہے کہ ابوظہبی ٹیسٹ کے لئے 12 رکنی قومی ٹیم محمد حفیظ، امام الحق، اظہر علی، بابراعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، کپتان سرفراز احمد، حسن علی، یاسر شاہ، بلال آصف، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف پر مشتمل ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہے ، تیسرا اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ آج سے ابوظہبی میں شروع ہوگا۔