نیلسن (جیوڈیسک) قومی لیگ سپنر یاسر شاہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے دورے میں بھی فتح گر کارکردگی دکھانے کیلئے پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ ایشیا ء سے باہر بھی خود کوموثر ثابت کرنا چاہتے ہیں۔ حالیہ برسوں میں ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستانی فتوحات میں مرکزی کردار ادا کرنے والے یاسر شاہ نے بتایا کہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کا دورہ بہت اہم ہے جس میں خود کو ایشین وکٹوں سے باہر بھی موثر ثابت کرنے کاموقع ملے گا۔
اس بارے میں وہ بائولنگ کوچ اظہر محمود اور مشتاق احمد سے مشورہ کرتے رہے ہیں ۔ دورہ انگلینڈ میں 19 وکٹیں حاصل کرنیوالے یاسر شاہ کہنا ہے کہ انگلش کنڈیشنز میں کامیابی سے اعتماد میں اضافہ ہوا ۔ کوچز کی مدد اور سخت محنت سے فاسٹ وکٹوں پر بھی قومی ٹیم کو فتوحات دلانے کی پوری کوشش کروں گا ۔ یاد رہے کہ قومی ٹیم اس وقت نیوزی لینڈ میں موجود ہے جہاں وہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔
یاسر شاہ اپنے کیریئر کے 19 ٹیسٹ میچوں میں 116 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جن میں آٹھ مرتبہ اننگز میں پانچ اور دوبار میچ میں دس وکٹوں کی کارکردگی بھی شامل ہے۔