موہالی (جیوڈیسک) ورلڈ کپ ٹی 20 میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کیلئے پاکستان نے ٹیم میں 2 تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے،ان فٹ وہاب ریاض اور محمد حفیظ آئوٹ جبکہ خالد لطیف اور عماد وسیم کو شامل کرنے کے ساتھ زخمی محمد عامر کو بھی فائنل الیون کا حصہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا اہم میچ آج موہالی میں ہورہا ہے۔ پاکستان یہ میچ جیتا تو آگے جانے کی امیدیں رہیں گی ورنہ اگر مگر کی کہانی شروع ہو جائے گی۔ پاکستان ٹیم انجریز کے مسائل کا شکار ہے،وہاب ریاض اور محمد حفیظ ان فٹ ہیں وہ آج کا میچ نہیں کھیل سکیں گے۔
بھارت کے ہاتھوں شکست کا زخم کھانے والی پاکستانی ٹیم کے ایک دو نہیں تین تین کھلاڑی محمد حفیظ ، وہاب ریاض اور محمد عامر فٹنس مسائل سے دوچار ہوگئے،حفیظ اور وہاب تو آج میچ کے باہر ہیں البتہ عامر ایکشن میں ہوں گے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ 2 میں آج پاکستان اپنا اہم میچ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گاگرین شرٹ اس شکست کے بعد ایونٹ میں مشکلات کا شکار ہوسکتی ہے ،میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7بجے شروع ہوگا۔
نیوزی لینڈ جیت کی صورت میں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرجائے گا تاہم پاکستان جیت کی صورت میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے کی پوزیشن میں آسکتا ہے۔ پاکستان نے ایونٹ میں اپنے پہلے میچ میں بنگلا دیش کو 55 رنز سے شکست دی تاہم بھارت سے 5 وکٹوں سےشکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے باوجود گرین شرٹس پوائنٹس اسکورنگ ٹیبل پر بہتر رن ریٹ سے دوسرے نمبر پر ہے۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ اب تک ناقابل شکست رہی ہے پہلے میچ میں بھارت کو 47 رنز سے شکست دینے کے بعد کیویز نے آسٹریلیا کو بھی 8 رنز کی شکست سے دوچار کیا تھا اور اس وقت گروپ میں وہ پہلی پوزیشن پر ہے۔