کیویز ون ڈے سریز برابر کرنے کیلئے بیتاب انداز آج بھی جارحانہ ہو گا :شاہد آفریدی

Shahid Afridi

Shahid Afridi

ابوظہبی (جیوڈیسک) پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیمیں ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں آج شیخ زید سٹیڈیم ابوظہبی میں آمنے سامنے ہوں گی، گرین شرٹس کو پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی سبقت حا صل ہے۔ کیویز آج کا میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کیلئے بیتاب ہیں جبکہ پاکستانی ٹیم نے آج کے میچ میں بھی جارحانہ انداز اپنانے کا عندیہ دیا ہے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری ون ڈے میچ 19 دسمبر کو شیخ زید سٹیڈیم ابوظہبی میں ہی کھیلا جائے گا۔

نیوزی لینڈ کی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیم سن نے کہا ہے کہ پاکستان کے ہاتھوں پانچ ون ڈے میچوں کی سیر یز کے تیسرے میچ میں شکست کے باوجود ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے، حریف ٹیم کو چوتھے میچ میں شکست دیکر سیریز میں جاندار کم بیک کرینگے۔ کین ولیمسن نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے،ان کی ٹیم کے کھلاڑی مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہیں اورآج فتح حاصل کرکے سیریز برابر کرنے کیلئے بیتاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم چوتھے میچ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے خلاف شاندار کم بیک کرے گی اور مربوط حکمت کے تحت جیت کے لیے میدان میں اترے گی۔

پاکستانی کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ آج بھی ہمارا انداز جارحانہ ہوگا، تیسرے ون ڈے میچ میں کوئی معجزہ نہیں کر دکھایا بلکہ پہلے بھی واضح کر چکا ہوں کہ اس کامیابی کا کریڈٹ ٹیم انتظامیہ کو جاتا ہے، جس نے ڈریسنگ روم میں ایک بہتر ماحول قائم کر دیا ہے اور حالیہ کامیابی اسی کا نتیجہ ہے، کھلاڑی ہمیشہ ناکامی کے خوف میں مبتلا رہتے ہیں، مینجمنٹ کی جانب سے حوصلہ افزائی کے بعد اب انہیں کوئی ڈر نہیں، یہ سلسلہ جاری رہا تو وہ اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں گے

میں کپتان نہ ہوں تب بھی پوری ذمہ داری سے کھیلتا ہوں،کارکردگی کے عدم تسلسل سے نجات کیلئے آنکھیں کھلی اور کان بند رکھنے کا حل ڈھونڈ لیا ہے۔ پاکستان کے کئی کھلاڑی انجریز اور دیگر مسائل سے دوچار ہیں لیکن مجھے امید ہے کہ ورلڈ کپ تک پاکستانی سکواڈ مکمل اور مضبوط ہو جائے گا۔