کرائسٹ چرچ (جیوڈیسک) یواے ای کے شیر کرائسٹ چرچ میں ڈھیر ہوگئے ، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو آٹھ وکٹ سے شکست دیکر دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ، میچ کے چوتھے روز پاکستان نے ایک سوانتیس رنز سات کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا اور پوری ٹیم 171 رنز بنا کر آؤٹ گئی۔
سہیل خان چالیس رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے ۔ اسد شفیق سترہ اور راحت علی دو رنز بنا سکے ، ٹرینٹ بولٹ ، نیل ویگنر اور ٹم ساؤتھی نے تین تین وکٹیں حاصل کیں ۔ ایک سو پانچ رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیویز کی پہلی وکٹ انیس کے سکور پر گری ۔ اوپنر ٹام لیتھم نو رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ۔ کین ولیم سن اور جیت راول نے دوسری وکٹ کی شراکت میں پچاسی رنز کا اضافہ کیا۔
کپتان ولیم سن اکسٹھ رنز بنا کر اظہر علی کی گیند پر آئوٹ ہوئے ۔ جیت راول نے یاسر شاہ کو چوکا لگا کر نیوزی لینڈ کو فتح سے ہمکنار کیا ۔ ڈیبیو میچ میں سات وکٹیں اڑانے پر کولن گرینڈ ہوم کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔