آک لینڈ (جیوڈیسک) پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی اور مایہ ناز بلے باز احمد شہزاد نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں موجود ہیں جہاں وہ برگر کھانے کے لئے ایک ریسٹورنٹ گئے لیکن مقامی کرنسی نہ ہونے کے باعث ان کا بل ان کے مداح نے ادا کیا۔
پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم ان دنوں نیوزی لینڈ کے دورے پرہے اورطویل سفر کے بعد تھکاوٹ محسوس کرنے پر کھلاڑیوں نے پریکٹس کے بجائے آرام کو ترجیح دی لیکن ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی اور احمد شہزاد چہل قدمی کرتے ہوئے ہوٹل سے باہر نکلے اور برگر کھانے کی غرض سے ایک فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ پہنچے جہاں شاہد آفریدی نے 2 برگر کا آرڈر دیا لیکن اچانک انہیں علم ہوا کہ یہ پردیس ہے اور دیارغیر میں پاکستانی پیسہ نہیں بلکہ وہاں کی مقامی کرنسی (آسٹریلین ڈالر)چلتی ہے ۔ جو ان کے پاس نہیں تھی۔
پریشانی کے عالم میں مبتلا کپتان کی مصیبت اس وقت رفع دفع ہوئی کہ جب ان کے ایک مداح نے ان کی بے قراری، بے کسی اور مجبوری کو بھانپتے ہوئے بطورتحفہ بل کی ادائیگی کی جس پر شاہد آفریدی نے اپنے پرستارکا شکریہ ادا کیا اور چلتے بنے۔واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم ان دنوں نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں ہے پاکستانی ٹیم جمعہ کو کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کی کل سے بھرپور تیاری کرے گی۔