ڈنیڈن (جیوڈیسک) نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو پانچویں ون ڈے میچ میں 108 رنز سے شکست دیکر سات میچوں کی سیریز میں تین ایک کی برتری حاصل کر لی۔
ڈنیڈن میں جاری سیریز کے پانچویں میچ میں مہمان سری لنکا کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ اس کے لیے نقصان دہ ثابت ہوا۔ کیوی بیٹسمین گرانٹ ایلیٹ اور لیوک رونچی نے جارحانہ کھیل کر سنچریاں بنائیں اور ٹوٹل کو 360 رنز تک پہنچایا ، اس کے پانچ کھلاڑی آؤٹ تھے۔
رونچی کیریئر کی پہلی اور یادگار سنچری بنا کر 170 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ایلیٹ بھی ون ڈے کیریئر کی دوسری سنچری کے ساتھ 104 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ جواب میں سری لنکن ٹیم 43 اعشاریہ چار اوور میں 252 رنز پر آئوٹ ہو گئی۔ تلکارتنے دلشان کی 116 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو فتح نہ دلا سکی۔