نیوم: سعودی ولی عہد سے چینی وزیر خارجہ کا دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال

Prince Muhammad bin Salman

Prince Muhammad bin Salman

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے نیوم میں عوامی جمہوریہ چین کے وزیرخارجہ وانگ یی نے ملاقات کی ہے اور ان سے سعودی عرب اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق انھوں نے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ سے متعلق بات چیت کی ہے۔اس کے علاوہ انھوں نے علاقائی اور عالمی سطح پرہونے والی حالیہ پیش رفت، سلامتی اوراستحکام کے لیے دوطرفہ تعاون کو بڑھانے سمیت دلچسپی کے مختلف امور پر گفتگو کی ہے۔

چینی وزیر خارجہ نے سعودی ولی عہد کو صدر شی جین پنگ کا نیک خواہشات پر مبنی پیغام پہنچایا ہے۔قبل ازیں جب وہ سعودی عرب کے دورے پر پہنچے تو شہزادہ محمد بن سلمان نے ان کا خیرمقدم کیا۔

ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان ،وزیرمملکت اور وزارتی کونسل کے رکن ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان ،الریاض میں متعیّن چینی سفیر چِن ویچینگ اور چین کے نائب وزیر خارجہ ڈینگ لی بھی موجود تھے۔