لاہور کی خبریں07.03.2013
Posted on March 8, 2013 By Geo Urdu لاہور
دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کئے جانے تک ملک میں امن قائم نہیں ہو سکتا:علامہ سید ساجد نقوی
لاہور (جی پی آئی) شیعہ علما کونسل کے چیئرمین علامہ سید ساجد نقوی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کئے جانے تک ملک میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ دہشت گردوں کے خلاف کاروائی میں تاخیر ہونے پر تشویش ہے۔ وہ شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر علامہ مظہر عباس علوی سے ٹیلی فون پر گفتگو کر رہے تھے۔ علامہ مظہر عباس علوی نے کہا کہ لشکر جھنگوی اور سپاہِ صحابہ کے خلاف کاروائی نہ کرنے پر پورے ملک کے عوام پریشان ہیں۔ پنجاب میں انتہا پسندوں کے ساتھ نرم رویہ اختیار کیا جا رہا ہے۔ امن و امان کی صورت حال انتہائی خراب ہے۔ عوام ڈاکوئوں کے رحم و کرم پر ہیں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
23مارچ کو ہونے والا عقیدہ توحید سیمینار قیام پاکستان کے مقاصد کے حصول کی ایک تحریک ہے:ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی
لاہور (جی پی آئی)بانی ادارہ صراط مستقیم ڈاکٹرمحمد اشرف آصف جلالی نے کہا کہ٢٣ مارچ کو ہونے والا عقیدہ توحید سیمینار قیام پاکستان کے مقاصد کے حصول کی ایک تحریک ہے یہ سیمینار پاکستان سے دہشت گردی اور غیر ملکی مداخلت کے خاتمے کے لیے کلیدی کردار ادا کرے گا ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامعہ جلالیہ رضویہ مظہر الاسلام داروغہ والا لاہور میں پانچویں عقیدہ توحید سیمینار کے لیے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کرتے ہوئے ربط ملّت کنونشن میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہونے والے دھماکے ملک دشمن قوتوں کے ایجنڈے کا حصہ ہیں حکومت دہشت گردوں کو بر سر عام عبرت کا نشانہ بنائے۔انہوںنے کہا کہ انسان پر سب سے زیادہ احسانات خالق و مالک،رب ذوالجلال کے ہیں جس نے اسے پیدا کیا اور پرورش فرمائی انسان پر اللہ تعالیٰ کا سب سے بڑا حق یہ ہے کہ بندہ اسے وحدہ لاشریک تسلیم کرے اسی لیے عقیدہ توحید تمام عقائد کی اساس اور تمام اعمال کا مدار ہے چنانچہ الہامی کتابوں میں بار بار عقیدہ کا درس دیا گیا تمام ابنیاء کرام علی نبینا و علیہم والسلام کی دعوت کا موضوع اول یہ عقیدہ رہا سید المرسلین خاتم النبیین حضرت محمدمصطفیٰ ٰۖ نے اسی عقیدہ کی تبلیغ کے لیے طائف کے بازار میں پتھر بھی برداشت کیے سخت حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے مسلسل آگے بڑھے اور اس جہان کو عقیدہ توحید کی عظمتوں سے مالا مال کیا آپ نے اپنی امت پر بھی لازم کیا کہ وہ اس نور کو آگے بانٹتی رہے یہ امت مسلمہ کا طرہ امتیاز ہے کہ اس نے اتنی صدیوں کا طویل سفر مکمل کر لیا ہے اور اب تک عقیدہ توحید کی امین ہیں۔ لیکن مادہ پرستی اور ہوس زر کا ماحول اس عقیدہ کی چمک پر اثر انداز ہو رہا ہے نیز عقیدہ توحید اور عقیدہ رسالت کے باہمی ربط کے لحاظ سے کچھ شکوک وشبہات پیدا کیے جا رہے ہیں ایک طرف سے امت توحید کو صحیح ا لعقیدہ ہونے کے باوجودقدم قدم پر شرک کے بھیانک فتووں کا سامنا ہے اور دوسری طرف کچھ جہال اور فریب خوردہ لوگ امت توحیدکو خرافات کی وادیوں میں دھکیلنے پرتلے ہوئے ہیں چنانچہ ادارہ صراط مستقیم نے اہل حق کے پیغام کو اجاگر کرتے ہوئے ٢٣ مارچ بروز ہفتہ بعد از نماز عشاء ریلوے سٹیڈیم گڑھی شاہو لاہور میں پانچویں عقیدہ توحید سیمینار کا انعقاد کیا ۔جس میں آزاد کشمیر سمیت ملک اور بیرون ملک سے مندوب شریک ہونگے اس موقع پرکنونشن میں حضرت سیف الرحمٰن رضوی ،مولانا طاہر عباس مدنی اور مولانا محمد صدیق مصحفی کے علاوہ کثیر تعداد میں علماء کرام نے شرکت کی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ کیلئے درخواست فارم جمع کرا دیئے
لاہور (جی پی آئی) وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے آج پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں عام انتخابات میں حصہ لینے کیلئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ کیلئے درخواست فارم جمع کرا دیئے۔ وزیراعلیٰ نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں سے عام انتخابات میں حصہ لینے کیلئے فارم جمع کرائے۔ انہوں نے درخواست فارم کے ساتھ مطلوبہ فیس بھی جمع کرائی۔اس موقع پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار علی خان، سینیٹر پرویز رشید، صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان، صوبائی وزیر زکوٰة و عشر ملک ندیم کامران اور انوشہ رحمن بھی موجود تھیں۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے۔ وطن عزیز کو انتہا پسندی و عسکریت پسندی جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ آئندہ عام انتخابات حکومت کی تبدیلی نہیں بلکہ ملک کی بقا کیلئے ہیں۔ پانچ برس کے دوران عوام کی بے لوث خدمت کی ہے۔ میںخود کو اللہ تعالیٰ اور عوام کی عدالت میں جوابدہ سمجھتا ہوں۔ آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کو شکست فاش دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے، لوڈشیڈنگ، بیروزگاری نے عوام کی زندگیاں اجیرن کردی ہیں۔ نااہل وفاقی حکمرانوں نے عوام کے مسائل حل کئے ہوتے تو آج ملک کی یہ حالت نہ ہوتی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام نے خدمت کا موقع دیا تو محمد نواز شریف کی قیادت میں نیا پاکستان تعمیر کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سیاسی شعبدہ باز جنوبی پنجاب ڈرامہ کی نئی قسط لے آئے ہیں:چوہدری عبدالغفور خاں
لاہور (جی پی آئی) صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری عبد الغفور خاں نے کہا ہے کہ سیاسی شعبدہ باز جنوبی پنجاب ڈرامہ کی نئی قسط لے آئے ہیںآصف علی زرداری اس ڈرامہ کے مصنف ہیں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کی موجودگی میں پاکستان کو استحکام نہیں مل سکتا،پیپلزپارٹی نے عوام کو متحدکرنے کے بجائے اسے تقسیم کیا ہے ، ملک بھر کے عوام پیپلزپارٹی کی پالیسیوں سے سخت پریشان ہیں،پیپلزپارٹی کی موجودگی میں ان کے لئے ہر آنے والا دن نئی مشکل لے کرآتا ہے،یہ ہی وجہ ہے کہ عوام پیپلزپارٹی سے دورہوتے جارہے ہیں ، عوام کو خوشحال بنانے کا دعوی کرنے والے بے نقاب ہوچکے ہیں، پیپلزپارٹی نے عوام کے مسائل کیا حل کرنا تھے اس کی وجہ سے پاکستان نئے نئے مسائل کا شکار ہورہا ہے ،پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کے مفادات کو پائوں تلے روندا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور ہائی کورٹ لاہور نے عدالت عالیہ کے افسروں اور ضلعی عدلیہ کے ججوں کو سیلف کار فنانس کی سہولت کا دائرہ کار بڑھا دیا ہے
لاہور (جی پی آئی)لاہور ہائی کورٹ لاہور نے عدالت عالیہ کے افسروں اور ضلعی عدلیہ کے ججوں کو سیلف کار فنانس کی سہولت کا دائرہ کار بڑھا دیا ہے۔مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن اور مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ اس اسکیم کی نگرانی پر مامور ہیں۔ تجدید شدہ اسکیم کے تحت اب افسران800 سی سی سے 1300 سی سی تک کی کالے یا سفید رنگ میں مخصوص کمپنی کی گاڑیاں حاصل کر سکیں گے۔ اس اقدام سے ضلعی عدلیہ کے ایسے ججوں، جن کے پاس اپنی ذاتی گاڑی نہیں، انہیں بہتر سفری سہولت میسر ہوگی اور وہ باوقار انداز میں اپنی جائے تعیناتی تک پہنچ سکیں گے۔ پہلی کیٹیگری میں عدالت عالیہ کے سکیل17 سے 19 تک کے افسران اور سینیئر/ سول ججز شامل ہیں۔ جو کہ 800 سے1300 سی سی کی سوزوکی(مہران، کلٹس اور سوفٹ) گاڑیاں حاصل کرنے کے اہل ہیں۔دوسری کیٹیگری میں عدالت عالیہ کے سکیل20 کے افسران اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز شامل ہیں، جو کہ800 سے 1300 سی سی کی سوزوکی(مہران، کلٹس اور سوفٹ) اور ٹیوٹا(XLI & GLI ) گاڑیاں حاصل کر سکیں گے، اسی طرح تیسری کیٹیگری میں عدالت عالیہ کے سکیل21 کے افسران اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز شامل ہیں، جو کہ 800 سے 1300 cc کی سوزوکی(مہران، کلٹس اور سوفٹ)، ٹیوٹا(XLI & GLI) کے ساتھ ساتھ ہنڈا سٹی(Honda City) گاڑیاں حاصل کر سکیں گے۔اس سکیم سے افسران کی بڑی تعداد مستفید ہو سکے گی۔ قبل ازیں لاہور ہائی کورٹ کی انتظامیہ نے تقریباََ تمام بنکوں سے اس ایشو ء پر مذاکرات کئے مگر بہتر معیار پر پورا اترنے کی وجہ سےMCB بنک کا انتخاب کیا،گفت و شنید کے بعد بنک نے ضلعی عدلیہ کے ججوں اور عدالتِ عالیہ کے افسران کیلئے معقول پیکج دیا۔ تمام افسران اس سکیم کے تحت گاڑی حاصل کرنے کے اہل ہیں ما سوائے ایسے افسران جن کی مدت ملازمت ایک سال سے کم ہے یا ایسے افسران جن کے خلاف محکمانہ کاروائی زیر التواء ہے۔ خواہشمند افسران صرف ایک گاڑی کیلئے درخواست دے سکیں گے، جس کیلئے عدالت عالیہ سے اجازت لینا اور MCB بنک میں اکائو نٹ کھلوانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
باکردار اور با اخلاق عورت اسلامی معاشرے کا سب سے بڑا سرمایہ ہے ،سیدہ نجمہ زاہد
لاہور (جی پی آئی)مسلم لیگ ہم خیال (ویمن ونگ ) پنجاب کی صدر سیدہ نجمہ زاہد نے خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے ماناوالا میں نابینا بچوں کی تعلیم و تربیت اور انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کے سلسلے میں خواتین کے ایک اجتماع سے خطاب کیا ، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ خواتین بچوں کی تربیت سے لے کر ملکی انتظام تک کے تمام نظام میں بھرپور کردار ادا کرکے انقلاب لا سکتی ہیں ، سب سے پہلے خواتین اپنے اندر صبر، برداشت ، ہمت و حوصلہ سے کام لیں، بچوں کی تعلیم و تربیت پر بھرپور توجہ دیں تاکہ آئندہ آنے والی نسلیں پڑھی لکھی اور مہذب ہوں ۔انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم یافتہ قوم کی بچی ہو یا بچہ وہ جس تیزی سے ترقی کے منازل طے کرکے اپنے ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں اسکے مقابلے میں ان پڑھ نہیں کر سکتیں، والدین اپنی بچیوں کی تعلیم پر بھرپور توجہ دیں ، اپنے بچوں کی تربیت کے لیے مردوں کے شانہ بشانہ محنت اور کام کرکے زیادہ سے زیادہ آمدنی کے وسائل پیدا کریں ، بچوں اور خاندان کی صحت کا خاص خیال رکھیں اور اگر گھر یا محلے میں کوئی معذور افراد یا بچہ ہے تو اس کو بے کار سمجھنے کی بجائے اسکی بھرپور مدد کریں اور انہیں بھی کارآمد شہری بننے میں مدد دیں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
خوشحال پاکستان اور زرداری راج اکٹھے نہیں چل سکتے:حمزہ شہباز شریف
لاہور(جی پی آئی)خوشحال پاکستان اور زرداری راج اکٹھے نہیں چل سکتے ـ خوشحال اور خود انحصار پاکستان کی منزل کو پانے کیلئے قوم کو کشکول ہمیشہ کیلئے توڑ کر اپنے وسائل پر انحصار کرنا ہو گا ـقوم کو آئندہ الیکشن میں پاکستان کو لوڈ شیڈنگ،مہنگائی ،بیروزگاری اور کرپشن کی بھینٹ چڑھا دینے والے ڈاکوؤں ، لٹیروں کو ووٹ کی طاقت سے فیصلہ کن شکست دینا ہو گی ـ پاکستان کا الیکشن 2013 ء کے بعد کا دور نواز شریف کی قیادت میں کامیابیوں اور ترقی و خوشحالی کے عظیم دور کے طور پر یاد رکھا جائے گا ـ مسلم لیگ (ن) ملک کے چاروں صوبوں میں عوام کی مقبول ترین پارٹی بن چکی ہے اور تمام سروے اور جائزے اس حقیقت کی تصدیق کر رہے ہیں ـان خیالات کا اظہار مرکزی رہنما پاکستان مسلم لیگ اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے آج خانیوال اور منچن آباد میںبڑے عوامی جلسوں سے خطاب اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کیا ـ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آئندہ الیکشن میں فتح حاصل کر کے وفاقی حکمرانوں کی لوٹ مار کا حساب لے گی ـقوم کو آئندہ الیکشن میں فیصلہ کن کردار ادا کر کے کھربوں روپے کے ڈاکے ڈالنے والوں سے نجات حاصل کرنی ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بے ضمیر حکمران اٹھارہ کروڑلوگوں کے ایٹمی ملک کو بھکاریوں کی طرح بیرونی دنیا کے سامنے پیش کر رہے ہیں ـ ہمارے قائد نواز شریف نے فیصلہ کر لیا ہے کہ کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلائیں گے اور اپنے زور بازو کے بل بوتے قوم کو خوشحالی کی منزل کی طرف لیکر جائیں گئے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے اغیار کے سامنے پاکستان کی عزت پامال کی ہے ـ ہم پر روز ڈرون حملے کیے جاتے ہیں ـہم نے آئندہ الیکشن میں فیصلہ کرنا ہے کہ ہم روکھی سوکھی کھا لیں گے لیکن کسی کو اپنی عزت کا سودا کرنے دیں گے ـحمزہ شہباز نے مزید کہا کہ پاکستان پر64ارب ڈالر کے بیرونی قرضے ہیں لیکن بلوچستان میں ہمارے پاس سونے اور تانبے کے ذخائر کی مالیت 250ارب ڈالر سے زائد ہے ۔ ہم اگر اپنے وسائل کو ترقی دیں تو کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں ـ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے 10ارب روپے کے انڈومنٹ فنڈ سے 50ہزار نادار اور طلبا و طالبات کیلئے تعلیمی وظائف کا بندو بست کیا ہے اڑھائی ارب روپے کے لیپ ٹاپس نوجوانوں کو میرٹ پر دیے ہیں اوردانش سکولوں میں غریب کے بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیںـ انہوں نے کہا ہم نے سیاست میں نئی روایت کو جنم دیا ہے ۔ ہماری سیاست اقتدار اور کرسی کیلئے نہیںبلکہ عوامی مسائل کو حل کرنے کی سیاست ہے ۔ ہم نے پاکستان کو ناامیدی سے نکال کر اُمید کے اجالوں میں لیکر جانا ہے۔ انہوں کے کہا کہ عوام پیپلز پارٹی کی ناکامیوں اور کرپشن کی داستانوں کو برا بھلا کہہ کر پاکستانی ہونے کا حق ادا نہیں کر سکتےـ جب تک وہ اپنے گھروں سے نکل کر الیکشن میں ووٹ نہیں دیتے ۔ محب وطن اور اہل قیادت کا چناؤ ممکن نہیںـجلسے سے قبل حمزہ شہباز شریف نے خانیوال میں سٹی پارک اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں ٹراما سنٹر کا سنگ بنیاد رکھا ـ انہوں نے ایم پی اے نشاط احمد ڈاہا کے چیریٹی ہسپتال کا بھی دوہ کیا ـ حمزہ شہباز کے دورہ خانیوال اور منچن آباد کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے وزراء اور مقامی ایم این ایز اور ایم پی ایز موجود تھے ـ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکومت پنجاب نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ کے لئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے :رانا تنویر ناصر
لاہور (جی پی آئی)پارلیمانی سیکرٹری برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ رانا تنویر ناصر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ کے لئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے ، گائوں’ یونین کونسل اور تحصیل کی سطح پر ان مقابلوں میں حصہ لینے والی 24087 تنظیموں اور 47636 کھلاڑیوں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے جا چکے ہیں، اسی طرح 21733 شرکاء میں میرٹ سرٹیفکیٹس جبکہ 35132کھلاڑیوں میں ہیلتھ کارڈ بھی تقسیم کئے جا چکے ہیں،ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو بری صحبت سے بچانے کے لئے سرگرمیوں کا انعقاد بہت ضروری ہے ،پاکستان مسلم لیگ ن نے ہی ہمیشہ نوجوانوں کو بہت اہمیت دی ہے ،ہماری جماعت کا یوتھ ونگ بہت فعال ہے ،
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عوام کی عدالت میں جانے کیلئے عوام کی خدمات ہی ہماری گواہ ہیں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ہی عوام کی عدالت میں جائیں گے:عابد حسین
لاہور (جی پی آئی) وفاقی وزیر و پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور پیپلز پارٹی لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میںکہا ہے کہ عوام کی عدالت میں جانے کیلئے عوام کی خدمات ہی ہماری گواہ ہیں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ہی عوام کی عدالت میں جائیں گے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک سے جہالت اور غربت دور کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ عوام کی خدمت کے لئے کئی منصوبوں پر عمل کیا۔ ان منصوبوں سے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ ن نے گزرے پانچ سالوں میں صوبے کو معاشی طور پر تباہ کر دیا ہے:سیدہ ماجدہ زیدی
لاہور(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کی رکن پنجاب اسمبلی سید ہ ماجدہ زیدی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے گزرے پانچ سالوں میں صوبے کو معاشی طور پر تباہ کر دیا ہے ہمارے دور میں شروع کئے گئے منصوبوں کے حوالے سے آئی ہوئی اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کو روک کر صوبے میں معاشی بحران پیدا کر دیا ہے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جعلی سروے سے کچھ نہیں ہو گا عوام ان سروے سے متاثر نہیں ہوں گے نئے منشور کا اعلان کرنے والے پہلے حکومت پنجاب کے پانچ سالوں کا تو حساب دیں جنہوں نے پنجاب کا خزانہ خالی کر دیا ہے عوام مسلم لیگ ن کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے اسے مسترد کر چکے ہیںاور ہمارے دور کو یاد کر رہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
،مخلص قیادت ہی مخلصانہ کاوشوں کے ذریعے عوا م کے مسائل حل کرسکتی ہے:اللہ رکھا چوہدری
لاہور (جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی اللہ رکھا چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن بلوچی عوام کے مسائل حل کررہی ہے یہ ہی وجہ ہے کہ بلوچستان کے سیاستدان مسلم لیگ ن میں شامل ہورہے ہیں، اگر پیپلزپارٹی نے بلوچی عوام کے لئے کچھ کیا ہوتا تو وہاں کے عوام کی زندگی میں تبدیلی آجاتی ،پیپلزپارٹی نے نعروں کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا ،مخلص قیادت ہی مخلصانہ کاوشوں کے ذریعے عوا م کے مسائل حل کرسکتی ہے ،ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بلوچستان کے طلباوطالبات کی تعداد 1200سے بڑھا کر 4ہزار سے زائد کرنے کا فیصلہ کیاہے۔جس کے تحت آئندہ پانچ سالوں میں 20ہزار سے زائد طلبا وطالبات پنجاب کے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کررہے ہوں گے۔بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں جدید امراض قلب کا ہسپتال بھی بناکردیں گے جوپنجاب کے عوام کا اپنے بلوچستان کے بھائیوں کے لئے تحفہ ہوگا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ ن کی پنجاب میں لوٹا سازی کی صنعت عام انتخاب میں بند ہوجائے گی :پرویز رفیق
لاہور (جی پی آئی) پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتی ونگ پنجاب کے صدر اور رکن پنجاب اسمبلی پرویز رفیق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی پنجاب میں لوٹا سازی کی صنعت عام انتخاب میں بند ہوجائے گی ،لوٹوںکوعوام مسترد کریں گے ،ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پنجاب میں مفادات کی سیاست ہورہی ہے شریف برادران کی روایت رہی ہے کہ یہ ہمیشہ ہی مفادات کی سیاست کرتے ہیں ،لوٹوں کے سہارے بنائی گئی حکومت کبھی کامیاب نہیں ہوتی ایسی حکومت عوام کے مسائل حل نہیں کرسکتی ،یہ ہی وجہ ہے کہ ن لیگ کی حکومت عوام کے مسائل حل نہیں کرسکی اس کے اقتدار میں آنے سے عوام کے مسائل میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ،یہ پیپلزپارٹی ہی ہے جو عوام کے مسائل حل کرنے کی سنجیدہ کوشش کرتی ہے ،پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے ،جمہوریت کی خاطر پیپلزپارٹی نے بہت قربانیاں دی ہیں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سابق ملی یکجہتی کو نسل کا ضابطہ اخلاق نافذالعمل ہوجائے تو بڑی حد تک فرقہ واریت پر قابو پایا جاسکتا ہے۔پروفیسر ساجد میر
لاہور (جی پی آئی) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہاہے کہ سابق ملی یکجہتی کو نسل کا ضابطہ اخلاق نافذالعمل ہوجائے تو بڑی حد تک فرقہ واریت پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ مرکزی دفتر میںسیاسی کمیٹی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطے میں بین الاقوامی طاقتوں کی کارروائیوں کے سبب دہشت گردی کا عفریت بے قابو ہو چکا ہے، مولانا شاہ احمد نورانی کے دور میں بننے والی ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم پر ہمارا تیار کردہ ایک متفقہ ضابطہ اخلاق بعض مصلحتوں کی وجہ سے نافذ نہیں ہو سکا تھا مجھے یقین ہے کہ اگر آج اس پر عمل درآمدکیا جائے تو فرقہ واریت پر بڑی حدتک قابو پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض اندرونی وبیرونی طاقتیں ایسی معلق حکومت کا قیام چاہتی ہیں جو دوسرے اداروں کی محتاج ہو، جبکہ ملک کو ایک مستحکم اور مقبول حکومت کی ضرورت ہے ، انہوں نے کہاکہ موجودہ سرکاری مشینری کرپشن اور نا اہلی کی دلدل میں دھنسی ہوئی ہے جبکہ حکمران شخصیات بدترین مالی بدعنوانیوں میں ملوث ہیں، عدالتی احکامات ہوا میں اڑائے جارہے ہیں،حکومت عوام کے مسائل کے حل میںاپنی مدت مکمل کر لینے کے باوجود قطعی ناکام ہے۔ ملک کی معاشی حالت روز بروز خراب ہوتی جا رہی ہے، مہنگائی اور بے روزگاری نے عام آدمی کے لیے جسم و جان کا رشتہ برقرار رکھنا پہلے سے کہیں زیادہ مشکل بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ وغیرہ جیسے مسائل کے حل کے لیے کوئی نتیجہ خیز کارروائی اس ریکارڈ طویل مدت میں دیکھنے میں نہیں آئی ہے۔ اس تناظر میں عوام کو چاہیے کہ وہ انتخابات میں قومی اور عوامی مسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے ووٹ کا استعمال اپنے ضمیر کے مطابق کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ سے حویلی لکھا، اوکاڑہ اور سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے سائلین کی ملاقات
لاہور (جی پی آئی) وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف سے آج ماڈل ٹائون میں حویلی لکھا، اوکاڑہ اور سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے سائلین نے ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ نے حویلی لکھا، اوکاڑہ میں زیادتی کا شکار بچی کے خاندان کو 5لاکھ روپے جبکہ سیالکوٹ میں قتل ہونے والے شخص کے بچوں کو 3لاکھ روپے کی مالی امداد کے چیک دیئے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دلایاکہ انہیںانصاف کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہیںرکھی جائے گی اور گھنائونے واقعات میں ملوث ملزموں کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم قرار واقعی سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔متاثرہ خاندان کوفوری انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوںنے ڈی پی او اوکاڑہ کو ہدایت کی کہ گرفتار ملزموں کو قانون کے مطابق سزا دلوانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ خواتین اور بچیوں سے زیادتی کرنے والے مجرم معاشرے کے لئے کلنک کا ٹیکہ ہیںاورایسے گھنائونے واقعات میں ملوث ملزم سخت ترین سزا کے حقدار ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے جرائم کی بیخ کنی کے لئے پولیس کوہرقسم کے وسائل فراہم کئے ہیں ۔ گھنائونے جرائم میں ملوث ملزموں کو قانون کے مطابق عبرت ناک سزائیں دلوائی جائیںگی۔ ایسے جرائم پیشہ عناصر کسی رعایت اور نرمی کے مستحق نہیںاور قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے انہیں نشان عبرت بنا دیں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ معاشرے کفر کی بنیادپر تو قائم رہ سکتے ہیں لیکن ظلم کی بنیاد پر قائم نہیں رہ سکتے۔ جن معاشروں میں مظلوم کی دادرسی نہیں ہوتی اور حقدار کو اس کا حق نہیں ملتا، ان کا پنپنا اور وجود کو برقرار رکھنا ناممکن ہوجاتاہے۔وزیراعلیٰ نے سیالکوٹ میں قتل ہونے والے شخص کے متاثرہ خاندان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندان کوفوری انصاف فراہم کیاجائے گا۔انہوںنے پولیس کو ہدایت کی کہ وہ مظلوموں کو انصاف کی فراہمی کے لئے جانفشانی سے کام کرے۔سائلین نے ان کی دادرسی کے لئے فوری اقدامات کرنے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور ان کی درازی عمر کے لئے دعا کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عالمی یوم خواتین کے موقع پر ڈاکٹر رخسانہ جبین کا پیغام
لاہور (جی پی آئی)جماعت اسلامی خواتین کی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر رخسانہ جبیں نے عالمی یوم خواتین پراپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ اسلام ہی عورت کے حقوق کا سب سے بڑا محافظ ہے ۔عورت کو اس کا وہ مقام دینے کی ضرورت ہے جو اس کے رب اور خالق نے اسے دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے نام پردنیا بھرمیںخواتین کا استحصال کیا جارہا ایک طرف عورتوں کے حقوق کے لئے این جی اوز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے تو دوسری طرف عورتوں پر تشدد کے واقعات بڑھتے جارہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ مظلوم خواتین کے حقوق کا نعرہ لگا نا فیشن بن گیا ہے اور عورت کے بنیادی حقوق کا معیار مادر پد ر آزادی کوقرار دیا گیا ہے۔ ہمیں اس موقع پر اس کلچر کو بدلنا ہوگااوراسلام کی روشنی میںحقوق کے معیارات طے کرنا ہوںگے تا کہ خواتین کے حالات میںحقیقی تبدیلی ممکن ہو سکے رخسانہ جبین نے مزید کہا کہ یہ اسلام ہی ہے جس نے عورت کو معاشرے میں سب سے زیادہ عزت و احترام دیا ، اسے معاشرتی و سماجی سطح پر بھی بلند مقام عطا کیا، جس کی مثال دنیا کے کسی دوسرے مذہب میں نہیں ہے مگر مقام افسوس ہے کہ حقوق نسواں کے مصنوعی نعروں کے ذریعے خاندان کے وجود کو ٹکڑے ٹکڑے کیا جارہا ہے، اخلاقی بے راہ روی،مردوزن کا آزادانہ اختلاط ورمادہ پرستی کی لہر کو اجاگر کیا جارہا ہے ،انہوں نے کہا کہ خواتین کو تہذیبی و ثقافتی یلغار کے ساتھ ساتھ معاشی و معاشرتی ،عدل وانصاف کی عدم دستیابی اورصحت کے مسائل جیسے چیلنجز کا سامنا ہے محض دن منانے ا ورتقاریر کرلینے سے مسائل حل نہیں ہوتے ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشرے میں اعلیٰ اخلاقی و اسلامی قدروں کو فروغ دیا جائے اور اسلام جوخاندانی نظام اور خواتین کے حقوق کا بہترین ضامن ہے اسکے اصولوں کی مکمل پاسداری کی جائے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نواز شریف، شہباز شریف کا نعرہ اور منشور ہے ”پنجاب سے بدلہ لیا، اب پاکستان سے بدلہ لیں گے”: پرویزالٰہی
لاہور(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ نواز شریف، شہباز شریف کا نعرہ ہے پنجاب سے بدلہ لیا اب پاکستان سے بدلہ لیں گے اور یہی ان کا منشور ہے۔ وہ گوجرانوالہ ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں، ممتاز صنعتکاروں اور تاجروں کے علاوہ ارکان اسمبلی نے شرکت کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ شریف برادران نئے منشور کی آڑ میں پچھلے 5 سال سمیت اپنی سابقہ تینوں حکومتوں کی صفر کارکردگی چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں، نواز شریف جب جدہ سے واپس آئے تھے تو انہوں نے 1997ء کی قیمتیں واپس لانے کا منشور دیا تھا، کہاں گیا وہ منشور، کیوں نہیں قیمتیں واپس لے کر آئے ہم نے تو انہیں کہا تھا کہ اپنے دور کی چھوڑیں ہمارے دور کی ہی قیمتیں واپس لے آئیں، ن لیگ نے پنجاب کے اندر ہمارے دور کی ترقی کا پہیہ روک دیا لیکن ہم اسے دوبارہ وہیں سے شروع کریں گے، یہ منشور بعد میں دیں پہلے قوم ان سے پچھلے 5 سال کا حساب مانگتی ہے، لاہور سمیت شہروں تو کیا دیہات کی 67 فیصد آبادی کیلئے بھی ن لیگ نے کچھ نہیں کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار ہمارے اقدامات کے باعث EPZA پر اعتماد کرتے ہیں، ہم نے ہمیشہ قومی مفاد کو ترجیح دی ہے اور بلاتفریق قومی اداروں کو مستحکم کرنے کیلئے کاوشیں کی ہیں، میں آج کے تاریخی دن پر سعادت ایس چیمہ چیئرمین EPZA اور بورڈ کو مبارکباد دیتا ہوں کہ ہماری کوششوں سے ایپزا کے زونز سے سالانہ ساڑھے تین سو ملین ڈالر زرِ مبادلہ کمایا جا رہا ہے جو رواں مالی سال کے اختتام پر تقریباً ایک بلین ڈالر ہو جائے گا جس کیلئے میں بیرونی سرمایہ کاروں کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میری ہدایت پر ایپزا نے کوئٹہ سمیت مقررہ تعداد سے بھی زیادہ شہروں میں لیزآن آفس قائم کر دئیے ہیں۔ انہوں نے چیئرمین EPZA کو ہدایت کی کہ خواتین کو صنعتکاری اور اس سے متعلق دیگر شعبوں میں کام کرنے کیلئے بھرپور سہولیات فراہم کی جائیں۔ پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ عوام کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے پر بطور وزیراعلیٰ میں نے بھرپور کوشش کی کہ پنجاب میں صنعتی ترقی کو یقینی بنایا جائے اور سرمایہ کاروں کو محفوظ سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ ضروری سہولیات بھی فراہم کی جائیں، اس مقصد کیلئے میں نے سٹیٹ آف دی آرٹ صنعتی زون قائم کرنے کیلئے بھرپور توجہ دی، سندر انڈسٹریل اسٹیٹ، فیصل آباد ویلیو ایڈیشن سٹی اور گارمنٹس سٹی کا قیام عمل میں لایا گیا، دیگر انڈسٹریل اسٹیٹس کو اپ گریڈ کیا گیا، ہمارے یہ پودے آج تناور درخت بن چکے ہیں اور پنجاب کے عوام ان سے مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں حلال مارکیٹ کا حجم تقریباً 1.3 ٹریلین ڈالر ہے جس میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے، چیئرمین EPZA اور ان کی ٹیم اس مارکیٹ میں پاکستان کا حصہ حاصل کرنے کیلئے حلال زونز کے قیام پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے بتایا کہ میری خصوصی ہدایت پر کے ای ایس سی پر انحصار کم کرنے کیلئے EPZA سے ملحق گوالہ کالونی سے فضلہ حاصل کر کے بجلی پیدا کرنے کے منصوبہ پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب میں شریف برادران نے مبارک سنٹر اور انڈرگرائونڈ ٹرین جیسے ہمارے منصوبے ختم کر کے اربوں ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری روک دی جبکہ ان پر پنجاب حکومت کا ایک پیسہ بھی خرچ نہیں ہو رہا تھا۔ اس موقع پر چیئرمین EPZA سعادت ایس چیمہ نے بھی خطاب کیا جبکہ سٹیج پر محمد بشارت راجہ، امتیاز رانجھا، زاہد اقبال چودھری، چودھری ظہیر الدین، شیخ عبد الرئوف، خواجہ عاصم خورشید، عامر سلیمی، میجر بابر نواز، خواجہ عامر حسن، ظفر بختاوری اور دیگر بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آج پاکستان اپنی تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہا ہے :لیاقت بلوچ
لاہور(جی پی آئی)سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ آج پاکستان اپنی تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہا ہے ،ہر طر ف دہشت گردی اور بدامنی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں ،لوگوں کے جان مال اور عزت محفوظ نہیں ہیں ،بڑھتے ہوئے جرائم نے ہر محب وطن کی نیند اڑا دی ہے ۔ڈاکے چوری ،قتل اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میںمسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ پاکستانی عورت پر وحشیانہ مظالم کی کہانیاں گھڑ کر اور گمراہ کن پروپیگنڈا کرکے اسلام دشمن قوتوں سے فنڈز بٹورے جاتے ہیں ،اقوام عالم میں پاکستان کو بدنا م کرنے والی ملک دشمن این جی اوز پر فوری پابندی لگائی جائے اور ان کی تمام سرگرمیوں کو مانیٹر کیا جائے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے عالمی یوم خواتین کے حوالے سے لاہور پریس کلب میں سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر رخسانہ جبیں،بیگم عافیہ سرور اور ویمن اینڈ فیملی کمیشن آف پاکستان کی صدر ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی،سیکریٹری اطلاعات محمد انور نیازی اور ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات قیصر شریف کے ہمراہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک میں خواتین کی ترقی اورانہیں تعلیم وصحت سمیت زندگی کی تمام سہولتوں کی فوری فراہمی کیلئے بے مثال جدوجہد کررہی ہے ۔ جماعت اسلامی کے منشور میںعورتوں کی فلاح وبہبود اور ترقی کے لئے قابل عمل تجاویز ہیں ، ہم اقتدار میں آکر پاکستانی عورت کو وراثت سمیت وہ تمام حقوق دلوائیں گے جن کا اللہ اور اس کے رسول ۖ نے حکم دیا ہے ۔سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر رخسانہ جبیں نے کہا کہ مغرب زدہ این جی اوز عالمی برادری میں پاکستان کے وقار کو دھبہ لگانے اور ملک وقوم کی عزت نیلام کرنے پر کاربند ہیں انہیں پاکستان میں خواتین کے مسائل اور ان کی فلاح و بہبود سے کوئی غرض نہیں ،ڈالروں پر پلنے والی ان این جی اوز کوتیزاب سے جلائے جانے اور طلاق کے واقعات کومنفی پروپیگنڈے کے طور پر استعمال کرتے ہیں جو انتہائی قابل ہیں۔پاکستانی معاشرے میں عورت کو ماں بہن ،بیوی اور بیٹی کے طور پر جو عزت و احترام اور وقار حاصل ہے اسے ہمیشہ نظر انداز کیا جاتاہے ۔ ڈاکٹر رخسانہ جبیں نے کہا کہ کراچی تا خیبر دہشت گردوں کا راج ہے ۔روزانہ سینکڑوں لوگ دہشت گردی کا نشانہ بن رہے ہیں ،قانون نافذ کرنے والے ادارے خود ماورائے آئین اور قانون شکن سرگرمیوں میں ملوث ہیں ،معیشت کی زبوں حالی نے مہنگائی ،غربت ،بے روز گاری میں اضافہ کیا ہے ،لوگوں کو تعلیم اور صحت کی سہولتیں میسر نہیں ، ہر طر ف افرا تفری ،بے اطمینانی اور انتشار و اضطراب جیسے مسائل نظر آتے ہیں، ان حالات میں پاکستانی عورت کا بھی استحصال ہورہاہے اور ملک پر جاگیردارانہ نظام اور وڈیرہ شاہی نے عورت کے حقوق کو بری طرح پامال کیا ہے ،لیکن موجودہ حکمرانوں ،روائتی سیاستدانوں ،دانشوروں اور حقوق نسواں کی نام نہاد علمبردار این جی اوز کو خواتین کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ڈاکٹر رخسانہ جبیں نے کہا کہ غربت اور پسماندگی نے ہماری خواتین کو بھی تعلیم سے محروم کررکھا ہے ،یونیسکو کی ایجو کیشن فار آل گلوبل مانیٹرنگ رپورٹ کے مطابق پاکستان ان 10ممالک میں شامل ہے جہاں بچیوں کی بڑی تعداد تعلیم سے محروم ہے ،پاکستان میں لڑکیوں کی دوتہائی تعداد سکول جانے سے مکمل طور پر محروم ہے ۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ویمن اینڈ فیملی کمیشن جماعت اسلامی پاکستان کی صدر ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے کہا کہ خواتین کو حق وراثت سے محروم رکھنے کیلئے قرآن سے شادی جیسی غیر شرعی اور ظالمانہ رسومات پر عمل کیا جاتا ہے ،سینکڑوں لڑکیوں کو غیرت کے نام پر اور کاروکاری کے بہانے قتل کردیا جاتا ہے ۔بھاری جہیز کی رسم کی وجہ سے ہزاروں بچیاں شادی کی عمر گزر جانے کے باوجود گھروں میں بیٹھی رہ جاتی ہیں ۔طلاق کی شرح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے گزشتہ دھائی میں ڈھائی لاکھ سے زائد خواتین کو طلاق کا چھرا گھونپا گیا ۔صحت کی مناسب سہولتیں دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے دوران زچگی دولاکھ خواتین اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں ۔ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو خصوصی احترام دیاہے ۔ یہ ہمارے ملک کی آبادی کا نصب حصہ ہیں اس لیے جماعت اسلامی کی حکومت اسلام کی روشنی میں خواتین کو ان کے قانونی ، معاشی اور سیاسی حقوق عطا کر کے ملک و ملت کی ترقی میں ان کو کردار ادا کرنے کا موقع دے گی ۔شریعت کے عطا کردہ وراثت اور ملکیت کے حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ۔ غیر اسلامی معاشرتی رسموں بھاری جہیز ، نکاح بیوگان سے غفلت ، قرآن سے شادی ، وٹہ سٹہ ، غیرت کے نام پر قتل کا سدباب کیا جائے گا۔ خواتین کو عزت و احترام سے پرائمری سے لے کر اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں گے ۔ ان کے لیے ہر صوبہ میں الگ میڈیکل کالج اور یونیورسٹیاں قائم کی جائیں گی ۔ تعلیم و تربیت اور موثر ابلاغ کے ذریعے ایک ہی وقت میں تین طلاقوں کی حوصلہ شکنی کی جائے گی ۔ خواتین پر ہونے والے مظالم کا معاشرتی اور قانونی طریقے سے سدباب کیا جائے گا۔ خواتین کے خاص حالات (بیوگی طلاق ) کے پیش نظر ان کے لیے سرکاری و نیم سرکاری محکموں میں ملازمت کی عمر کی حد میں رعایت دی جائے گی ۔ سرکاری ملازمین خواتین کو زچگی کے لیے چار ماہ کی چھٹی مکمل تنخواہ کے ساتھ دی جائے گی ۔ طالبات کو ان کے قریب ترین میڈیکل کالجوں اور تعلیمی اداروں میں داخلہ دیا جائے گا ۔ گھریلوں صنعتوں کو فروغ دے کر اپنے ہی گھر میں روزگار کی سہولت دی جائے گی ۔ پرائمری تعلیم کے لیے خواتین اساتذہ کو ترجیح دی جائے گی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور کسی کی جاگیر نہیں ،قائد کے سپاہیوں کا شہر ہے، چودھری ظہیرالدین
لاہور (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری ظہیرالدین خاں نے پی پی143میں مسلم لیگ کے تنظیمی دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کسی کی جاگیر نہیں ، یہ قائداعظم کے سپاہیوں کا شہر ہے، کارکن الیکشن کی تیاری کریں اس الیکشن میں بڑ ے بڑے سیاسی بت اوندھے گریں گے، دفتر کی افتتاحی تقریب سے پی پی143کے صدر مقصود گجر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی پی143کے عوام ڈگری کالج کا تحفہ دینے پر چودھری پرویز الہٰی کے شکر گزار ہیں، سابق یونین کونسل ناظم میاں عتیق،رانا محمد ریاض، سہیل چیمہ، اشفاق فرزند بھٹی، میاں کامران سیف اور وسیم رومی نے کہا کہ کالجز اور یونیورسٹیاں بنانے کا سلسلہ چودھری پرویز الہٰی دوبارہ برسراقتدار آکر شروع کریں گے، چودھری پرویز الہٰی کی پڑھا لکھا پنجاب کے بعد اگلی منزل پڑھا لکھا پاکستان ہے،راہنمائوں نے کہا کہ مسلم لیگ کے ناظمین نائب ناظمین کونسلر چودھری پرویز الہٰی کے حمایت یافتہ امیدوار وں کو ووٹ دیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب حکومت نے تمام تر مشکلات کے باوجود ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں، میاں محمدنوازشریف
لاہور(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نوازشریف نے آج پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کا انتخابی منشور2013پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیدا کی گئی مشکلات کے باوجود گزشتہ پانچ برس میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور شفافیت کو برقرار رکھاگیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت کے خلاف گورنر ہائوس میں مخالف مورچہ قائم کیاگیااورگورنرز بھی پنجاب حکومت کے خلاف تسلسل سے بیانات دیتے رہے۔ پنجاب حکومت ختم کرکے یہاں گورنر راج بھی نافذ کیاگیا۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت اور پنجاب کے عوام کے ساتھ بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے بھی ناروا سلوک کیاگیا۔ان تمام تر مشکلات اور رکاوٹوں کے باوجود پنجاب حکومت نے دن رات عوام کی خدمت کی اور صوبہ بھر میں بڑے بڑے منصوبے مکمل کرکے عوام کو ریلیف دیا۔انہوں نے کہاکہ اگر غیرملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کا آزادانہ اور بہترین ماحول فراہم کیاجائے تو وہ کھلے دل سے سرمایہ لگاتے ہیں۔ میٹروبس سسٹم اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے ساز گار ماحول کی وجہ سے ترک کمپنیوں نے یہاں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت کی موثر حکمت عملی اور ٹھوس اقدامات کی بدولت ڈینگی کی وبا پر بھی قابو پایا۔ انہوںنے کہاکہ لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن بھی حکومت پنجاب کا بڑا اہم کارنامہ ہے اس سے عوام کو اپنی جائیدادوں کی فرد ملکیت کے حصول اور انتقال اراضی کے معاملات میں ریلیف ملا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکمرانوں کو5برس تک جنوبی پنجاب کے عوام کا خیال نہیں آیا۔جماعت اسلامی پنجاب
لاہور (جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ علیحدہ صوبوں کے نام پر جنوبی پنجاب کے عوام کو بے وقوف بنایا جارہا ہے۔پانچ سال تک پیپلز پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتوں کو سرائیکی عوام کی مشکلات نظرنہیں آئیں۔علیحدہ صوبوں کے حوالے سے اگر حکمران اپنے دعوے میں مخلص ہوتے تو آج بہاولپور کی صوبائی حیثیت ہی کم از کم بحال ہوچکی ہوتی۔وہاں کے لوگوں کو ضروریات زندگی کی اشیاء بھی میسر نہیں۔جنوبی پنجاب کے5کروڑ عوام کے لئیصرف25ہزار سکول،150کالجز اور چار یونیورسٹیاں ہیں۔انہوں نے کہاکہ 150کالجز میں 700اساتذہ کی سیٹیں خالی پڑی ہیں۔فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث جلال پور کے12،شجاع آباد کے6،ملتان کے4،سکول بند ہوچکے ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ پورے پنجاب کا بجٹ میٹروبس اور لاہور کی سڑکوں پر لگارہے ہیں۔تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی میں بنیادی کردار اداکرتی ہے اس لئے حکومتیں اپنے شہریوں میں تعلیم عام کرنے کے لئے اقدامات کرتی ہیں مگر بدقسمتی سے ہمارے ملک میں محکمہ تعلیم نے عوام کے اس نبیادی حق کو کاغذات تک محدود کردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کے حلقے کے لئے قومی خزانے سے الیکشن کمیشن کے تمام قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے 3ارب روپے سے زائد فنڈفراہم کیا جارہا ہے جوکہ انتہائی قابل مذمت ہے۔الیکشن کمیشن اس کا فی الفور نوٹس لے۔حکمران مکمل طور پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ادارے سفید ہاتھی بن چکے ہیں۔کرپشن کی داستانیں پوری دنیا میں مشہور ہیں۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہاکہ عوام نے اگر ان کو آئندہ مسترد نہ کیا تو یہ ٹولہ ملک کو بھی بیچ کھائے گا۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ووٹ کی پرچی کا استعمال دیانتدار،قیادت کے حق میں کیا جائے۔ملک وسائل سے مالا مال ہے صرف مخلص،پڑھی لکھی اور جراتمند قیادت میسر آجائے تو پاکستان”دن دوگنی رات چوگنی”ترقی کرسکتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اگر پرویزالٰہی میں ویژن ہوتاتو بطور نائب وزیراعظم ہی اپنے خیالی منصوبے مکمل کر لیتےـعابدشیرعلی
لاہور(جی پی آئی) ممبر قومی اسمبلی عابدشیر علی نے کہا ہے کہ پرویزالٰہی کے دور کی کرپشن اور لوٹ مارکا مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت سے کیسے مقابلہ کیا جا سکتا ہے؟ ق لیگ نے اقرباء پروری اور جیبیں بھرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا جبکہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے شفافیت اور میرٹ کی پالیسی کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بڑی ڈھٹائی کے ساتھ پرویزالٰہی اس دور کو یاد کرتے ہیں جب انہوں نے مشرف کی کاسہ لیسی کرنے اور اپنے ذاتی اقتدار کو طول دینے کے لئے تمام حربے استعمال کئے۔ عابدشیر علی نے پرویزالٰہی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ قوم جانتی ہے کہ شہبازشریف نے ملکی تاریخ کا سب سے پہلا اور بڑا میٹروبس منصوبہ عوام کی سہولت کے لئے شروع کیا ہے جبکہ پرویزالٰہی جس کاغذی منصوبے کو اشتہار بنائے پھرتے ہیں اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں تھا اور وہ محض ان کی فرضی فائلوں میں ہی دفن تھا۔ اگر ان کا کوئی ویژن ہوتا تو بطور نائب وزیراعظم اپنے ادھورے منصوبوں کو پرویزالٰہی نے عملی جامہ کیوں نہیں پہنایا؟ اس سے ان کے قول و فعل کا تضاد کھل کر سامنے آ جاتا ہے۔عابدشیرعلی نے کہا کہ گزشتہ دورحکومت میں پنجاب میں سرکاری فنڈز کی جس طرح لوٹ مار کی گئی اس کی مثال کہیں نہیں ملتی۔ پرویزالٰہی کی حکومت نے ایک منصوبے سے فنڈز کھانے کے لئے اسے کئی مرتبہ پیش کیا اور موجودہ حکومت نے کرپشن کے ان قبرستانوں کو ترقی کے میناروں میں بدلنے کے لئے زبردست محنت کی لیکن آج بھی پرویزالٰہی اینڈ کمپنی اپنی کوتاہیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مصداق بے بنیاد بیان بازی میں لگے ہوئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور کسی کی جاگیر نہیں ،قائد کے سپاہیوں کا شہر ہے، چودھری ظہیرالدین
لاہور (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری ظہیرالدین خاں نے پی پی143میں مسلم لیگ کے تنظیمی دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کسی کی جاگیر نہیں ، یہ قائداعظم کے سپاہیوں کا شہر ہے، کارکن الیکشن کی تیاری کریں اس الیکشن میں بڑ ے بڑے سیاسی بت اوندھے گریں گے، دفتر کی افتتاحی تقریب سے پی پی143کے صدر مقصود گجر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی پی143کے عوام ڈگری کالج کا تحفہ دینے پر چودھری پرویز الہٰی کے شکر گزار ہیں، سابق یونین کونسل ناظم میاں عتیق،رانا محمد ریاض، سہیل چیمہ، اشفاق فرزند بھٹی، میاں کامران سیف اور وسیم رومی نے کہا کہ کالجز اور یونیورسٹیاں بنانے کا سلسلہ چودھری پرویز الہٰی دوبارہ برسراقتدار آکر شروع کریں گے، چودھری پرویز الہٰی کی پڑھا لکھا پنجاب کے بعد اگلی منزل پڑھا لکھا پاکستان ہے،راہنمائوں نے کہا کہ مسلم لیگ کے ناظمین نائب ناظمین کونسلر چودھری پرویز الہٰی کے حمایت یافتہ امیدوار وں کو ووٹ دیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دربار حضر ت شیر شاہ ولی پر تمام غیر شرعی خرافات رسو مات روایات آپریشن کے دوران خا تمہ کر دیا گیا ہے:مولانا عبدالرسول
لاہور(جی پی آئی)پاکستان سنی تحریک کے ڈویژنل صدر مولانا مجاہد عبدالرسو ل خان نے کہااپنے بیا ن میں کہا ہے کہ رپیڈ بس سروس منصوبہ کی آ ڑ میں پنجاب حکومت نے ا ہلسنت و جماعت کی مساجد اور مزار ات اولیاء کو بے حرمتی اور بد تمیز ی کے انداز میں شہید کیا ،مزارات اولیاء کی جگہ کے بدلے متبادل جگہ پر اولیاء کے ناموں سے مساجد تعمیر کرنے کا وعدہ کمشنر لاہور ڈویژن کے ہمراہ دیگر ضلعی ذمہ دار افسروں نے کیا ۔مگر تا حال تکمیل وعدہ کی کوئی صورت نظر نہیں آرہی،مسلسل ٹال مٹول اور وقت گزارو پالیسی کے تحت روزانہ علماء کرام کو بلا کر ان کا وقت ضائع کیا جاتاہے۔گھی سیدھی انگلی سے نہیں نکلتا کہ تحت علماء کرام وتمام نمائندہ تنظیمات نے اچھرہ شمع چوک میں آج بعد نماز جمعہ مطالبات کی منظوری تک احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔ جس میں ایل ڈی اے کے چئیر مین سابق ڈی سی او لاہور عبدالاحد چیمہ سمیت دیگر ذمہ داروں کی بر طرفی اور معطلی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔پاکستان سنی تحریک کے ڈویژن صدر مولانا مجاہد عبدالرسول خان نے کہا کہ دربار حضر ت شیر شاہ ولی رحمتہ اللہ علیہ پر تمام غیر شرعی خرافات رسو مات روایات آپریشن کے دوران خا تمہ کر دیا گیا ہے۔دربار شریف پر منت کے طور پر شیروں کے بت چڑھانے والے تمام افراد کو تنبیہ کر دیا گیا ہے ۔کہ غیر شرعی اور غیر اخلاقی منت ہے ۔ اولیاء اللہ کے درباروں پر بتوں شیر وں اور آگ کی مچھ کا چڑھاوا چڑھانے کی شرعی حیثیت نہیں ہے ۔ حضر ت شیر شاہ ولی رحمتہ اللہ علیہ کے دربار اقدس سے شیروں کا بت کا چڑھاوا بزوربازو روک دیا گیا ہے۔ تیسرے نمبر پر حضر ت مادھو لال حسین رحمتہ اللہ علیہ کے دربار اقدس سے آگ کا مچھ بزور بازو اکھاڑا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف دربا روں پر غیر شرعی غیر اخلاقی رسومات کی شدید الفاظ میں مذمت اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہو ئے کہا کہ دربارو ں پر بھنگی چرسی نشئی اور دیگر خرافات کا دھندا کرنے والے مذمو م عناصر کی سر پرستی کرنے والے پس پردہ چھپے تمام گندے کرداروں کو بے نقاب کیا جائے حکومت اوقاف اور درباروں کے خادمین اور متولی اور سجادہ نشین ان غیر شرعی خرافات کو فی الفور روکے وگرنہ پاکستان سنی تحریک ایمان کے پہلے درجہ پر عمل کرتے ہوئے بزور بازو روکے گی ،اس موقع پر علاقہ بھر کے علمائے کرام و مشائیخ عظام نے شرکت کی ،جن میں ،مولانا محمد رب نواز جلالی مولانا محمد رمضا ن قادری ، مولانا محمدوقاص سلطانی ،مولانا محمد ابرار رحمانی ، بھی موجود تھے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔