لاہور (جیوڈیسک) عمران خان کے مطالبات پر وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ حکومت عمران خان سے رابطہ کرے گی ، آئین کی روشنی میں جو کر سکتے ہیں کریں گے۔
وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان نے جو کچھ کہا وہ ان کی ناپختہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں فیصلہ دھرنوں کی نہیں کارکردگی کی بنیاد پر ہوگا۔
عمران خان وزیر اعظم نہیں بن پائے اس لیے اپنا غصہ نکال رہے ہیں۔ کیا پورے پاکستان کو عمران خان کی انا کے سپرد کر دیں۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمرا ن خان نے جوسوالات اٹھائے ہیں وہ آئین اور قانون سے ماورا ہیں شاید انہیں آئین کا پتہ نہیں ہے۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان ہر وقت انوکھے لاڈلے کی طرح ناراض رہتے ہیں۔ ایسی چیزیں مانگتے ہیں جو انھیں مل نہیں سکتیں۔ سعد رفیق نے عمران خان سے اپیل کی کہ وہ غصے اور انا سے باہر آجائیں۔ یہ ایک دوسرے پر حملے کرنے کا نہیں مل کر کام کرنے کا وقت ہے۔