کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کے سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ اگلا وزیراعظم انہی کی پارٹی کا ہوگا، جبکہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ’’عوام حکمرانوں سے نجات چاہتے ہیں‘‘۔
صوبہٴ سندھ کے علاقے گڑھی خدا بخش میں منگل کو پی پی پی کے بانی رہنما ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر منعقدہ ایک جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وہ ’’اسی سال الیکشن کے لئے تیار ہیں۔ نہ پہلے کبھی ڈرے اور نہ آئندہ ڈریں گے۔ آئندہ حکومت ہم بنا کر دکھائیں گے‘‘۔
سابق صدر نے اپنے خطاب میں حکومت کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ’’اپوزیشن میں رہ کر اور اکثریت نہ ہونے کے باوجود چیئرمین سینیٹ بنا لیا؛ تو اگلی بار وزیر اعظم بھی بنا کر دکھاؤں گا‘‘۔
انہوں نے کہا کہ پاناما کیس کے فیصلے آنے کا انتظار کر رہے ہیں۔ ’’ہم نہیں سمجھتے پاکستان میں کبھی بھی انصاف ہوا ہے، ہمارے ساتھ ہر دور میں ظلم و زیادتی ہوتی رہی ہے۔ لیکن، آج دیکھنا ہے کہ ان کے ساتھ کیا ہوتا ہے اور کیا نہیں ہوتا ہے‘‘۔