اگلے انتخابات میں آصف زرداری جیالوں کی کمان ہونگے اور میں تیر، بلاول

Bilawal

Bilawal

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 2018 کے انتخابات میں آصف زرداری جیالوں کی کمان ہوں گے اور میں تیر، ہم اکٹھے ہو کر شیر کا شکار کریں گے۔ سانحہ کارساز کے 6 سال مکمل ہونے پر بلاول بھٹو زرداری نے کارکنوں سے جوشیلا خطاب کیا۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی سانحہ کار ساز کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے اس واقعے کے مقام پر قائم کی گئی یادگارِ شہدا آئے۔ کارکنوں سے خطاب میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بے نظیرجب وطن آئیں تو پورا ملک خوشیاں منا رہا تھا، لیکن ان کی واپسی پر دھماکا کر دیا گیا۔

کارکنوں نے اپنی لیڈر کے لیے جان قربان کردی، بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کارساز پر 30 لاکھ لوگوں نے اپنی قائد کا استقبال کیا تھا، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے جمہوریت کے لیے قربانیاں دیں،پیپلز پارٹی ایک سیاسی جماعت نہیں ایک جنون ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ طاہرالقادری نے اسلام آباد میں ڈرامارچایا اور اسلام آباد کو یرغمال بنایا۔

موجودہ حکومت میں بھی ایک شخص نے پورے اسلام آباد کو یرغمال بنایا،پیپلزپارٹی کے جیالے نے ہزاروں افراد کی جان بچائی۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آج دہشت گردوں سے پناہ لینے والی جماعتیں جشن منارہی ہیں،کراچی آج بھی لندن کی کالونی ہے۔ بلاول کا کہنا تھا کہ 2018 میں آصف زرداری جیالوں کی کمان ہونگے اور میں تیر،ہم مل کر شیر کا شکار کریں گے۔