آئندہ دس روز کے دوران ملک بھر میں بارشوں کے نئے سلسلے شروع ہونے کی پیشگوئی

Weather

Weather

اسلام آباد (جیوڈیسک) محکمہ موسمیات نے آئندہ دس روز کے دوران ملک میں موسم بہار کی بارشوں کے دو نئے سلسلوں کی پیشنگوئی کی ہے ، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں بادل چھائے رہیں گے، رواں ہفتے کے اختتام پر بارش کا امکان ہے۔

بارش کا سبب بننے والی ہوائیں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے مغربی علاقوں تک پھیل جائیں گی۔ اتوار اور پیر کو اسلام آباد ، شمالی بلوچستان ، خیبر پختونخواہ ، بالائی پنجاب ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اچھی بارش کا امکان ہے۔

آئندہ ہفتہ کے وسط سے ملک کے اکثر علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی ہے۔ موسم بہار کی بارشوں کے دوران اسلام آباد ، سرگودھا ، راولپنڈی ڈویژن ، مالاکنڈ ، ہزارہ ، پشاور ، مردان ڈویژن میں چند مقامات پر آندھی اور ژالہ باری کی توقع ہے۔

آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں بادل چھائے رہیں گے جبکہ مالاکنڈ ، ہزارہ ، پشاور ، کوئٹہ ، کوہاٹ ، بنوں ، اسلام آباد ، راولپنڈی ، سرگودھا ڈویژن ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔ گزشتہ روز اسلام آباد میں پولن کی تعداد 24,014فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی۔

آج ملک میں سب سے کم درجہ حرارت گوپس اور استور میں صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت شہید بینظیر آباد 37 ، چھور ، سبی اور حیدر آباد میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ ، ہزارہ ، کوئٹہ ، راولپنڈی ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہا تاہم استور، مالم جبہ میں04،سیدو شریف03 ،کالام ،راولاکوٹ02 ، گوپس ، گلگت ، کاکول ، بالاکوٹ ، مری ، کوٹلی اور گڑھی دوپٹہ میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔