کراچی (جیوڈیسک) پاکستانی فلموں کی باکس آفس پر عمدہ کارکردگی اور کامیابی کے بعد اب تیزی سے پاکستانی فلموں کی تیاری کا کام شروع ہوگیا‘ موجودہ سال میں ریلیز ہونے والی فلموں نے فلموں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے حوصلے بڑھا دیے۔
اس سال کے اختتام پر چند اور پاکستانی فلمیں نمائش کے لیے پیش کرنے کی منصوبہ بندی کرلی گئی جب کہ آئندہ سال ایک درجن سے زائد فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی جن میں بیشتر ٹی وی اداکار کاسٹ ہیں جو کہ فلموں میں آنے پر خوش نظر آ رہے ہیں۔
فلمیں ان دنوں مکمل ہوچکی ہیں یا زیر تکمیل ہیں ان میں شمعون عابسی کی فلم ’’گدھ‘‘ تنویر جمال کی فلم ’’اب پیامبر نہیں آئیں گے، میرا کی فلم ہوٹل، شان کی فلم ارتھ ٹو، یلغار، مشن فائیو، بلال لاشاری کی فلم مولا جٹ ٹو،سرمد کھوسٹ کی فلم میں منٹو، جلیبی، کم بخت ماہ میر اور ہمایوں سعید کی فلم جوانی دیوانی ‘‘ قابل ذکر ہیں۔