فیصل آباد: پاکستان تحریک انصاف ویسٹ ریجن پنجاب کے سیکرٹری ویلفیئر اور پی پی 51 سے متوقع امیدوار لقمان چوہدری نے وزیر مملکت برائے پانی وبجلی چوہدری عابد شیر علی کی طرف سے آئندہ مارچ تک لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور نیشنل سسٹم میں مزید 1200میگا واٹ بجلی شامل ہونیکے دعوئوں کو اعتراف شکست قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ موسم گرما میں لوگوں کو آٹھ سے سولہ گھنٹے کا عذاب بھگتنا پڑے گا جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ موجودہ حکمران لوڈشیڈنگ میں کمی لانے میں کامیاب نہیں ہو سکیں یہی وجہ ہے کہ آئندہ سال کے وعدے کئے جا رہے ہیں۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آئندہ سال بھی لوڈشیڈنگ کا حق نااہل حکمرانوں کے کنٹرول میں نہیں آئے گا، لقمان چوہدری نے کہا ہے کہ عوام جب تک سڑکوں پر نہیں آئیں گے ،حکمرانوں کے سر پر جوں تک نہیں رینگے گی ،وقت آگیا ہے کہ آئندہ الیکشن کیلئے لوٹ مار کے ذریعے بھاری رقمیں بنانے والی حکمران مسلم لیگ ن کے جھوٹے وعدوں اور دعوئوں پر اعتبار کرنے کی بجائے عوام سڑکوں پر آجائیں اور وزیر اعظم نواز شریف سے استعفیٰ طلب کریں کیونکہ جو حکومت 4سال پورے ہونے کے باوجود وعدے پورے نہیں کرسکی اسے اقتدار میں رہنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔