نیامے (اصل میڈیا ڈیسک) مغربی افریقی ملک نائیجر میں مسلح افراد کے دو حملوں میں 100 سے زائد افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی افریقی ملک نائیجر میں دو گاؤں پر مسلح افراد نے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 109 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے۔
پہلا حملہ نائیجر کے گاؤں کومبانگو گاؤں میں ہوا جس میں 69 افراد ہلاک ہوئے جب کہ دوسرا حملہ زارو مداریے میں کیا گیا جہاں 40 افراد ہلاک ہوئے جب کہ دونوں واقعات میں مجموعی طور پر 17 افراد زخمی ہوئے۔
نائیجر کے سیکیورٹی اہلکاروں نے حملے کی ذمہ داری داعش پر عائد کی ہے تاہم داعش کی جانب سے کسی قسم کا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ اس علاقے میں داعش نے پہلے بھی پُرتشدد کارروائیاں کی ہیں۔
گزشتہ برس بھی نائجر میں فرانس سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کی گاڑی پر حملہ کیا گیا تھا جس میں 6 سیاح، مقامی گائیڈ اور ڈرائیور ہلاک ہوگئے تھے۔ نائیجر نے 1960 میں فرانس سے آزادی حاصل کی تھی۔