نائیجیریا (جیوڈیسک) مغربی افریقہ کے ملک نائیجیریا کے شمال مغرب میں مسلح حملے کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور کثیر تعداد میں شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
صوبہ کاٹسیناکے پولیس ترجمان گامبو اِیساح نے اخباری نمائندوں کے لئے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ کاسٹینا کے علاقے صفانا میں نامعلوم مسلح افراد کی طرف سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں15 افراد ہلاک اور کثیر تعداد میں شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
گامبو کے مطابق علاقے میں کثیر تعداد میں گھروں کو لوٹ لیا گیا ہے۔ علاقے میں سکیورٹی فورسز بھیج دی گئی ہیں اور واقعے کی تحقیقات کا بھی آغاز کروا دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ مذکورہ علاقے میں چرواہوں اور کاشتکاروں کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں جن کا فائدہ اٹھا کر مسلح جتھے بھی حملے کر کے علاقے کے عوام کو یرغمال بنا لیتے ہیں۔
دو ہفتے قبل بھی اسی صوبے میں کئے گئے حملے میں 10 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔