نائیجیریا میں بوکو حرام سے لڑنے سے انکار پر 54 فوجیوں کو سزائے موت

Nigerian Army

Nigerian Army

ابوجا (جیوڈیسک) نائیجیریا کی فوجی عدالت نے شدت پسند تنظیم بوکو حرام سے لڑنے سے انکار کرنے پر 54 فوجیوں کا کورٹ مارشل کرتے ہوئے انہیں موت کی سزا سنادی ہے۔

نائیجیریا کی فوجی عدالت نے بوکو حرام سے لڑنے سے انکار کرنے پر 54 فوجیوں کو ملک سے غداری کے الزام میں موت کی سزا سنا دی ہے۔ تمام فوجیوں پر الزام تھا کہ انہوں نے بوکو حرام کی جانب سے چند ماہ قبل قبضہ کئے گئے 3 دیہاتوں کی واپسی کے لئے شدت پسندوں سے لڑنے سے انکار کر دیا تھا۔

دوسری جانب سزا پانے والے فوجیوں نے اپنے اوپر ملک سے غداری کے حوالے سے لگنے والے تمام الزامات کی سختی سے نفی کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں بوکو حرام سے مقابلے کے لئے مطلوبہ مقدار میں اسلحہ اور بارود فراہم نہیں کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ بوکو حرام 2009 سے شمال مشرقی نائیجیریا میں حکومت کے خلاف برسر پیکار ہے جس میں اب تک 2 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔