نائیجریا (جیوڈیسک) ائیر فورس کے ترجمان کے مطابق فضائی کارروائی میں بوکو حرام کے جو دیگر اراکین مارے گئے اُن میں ابوبکر مبئی، ملام نہحو اور ملام حمان شامل ہیں جب کہ کئی دیگر اراکین زخمی بھی ہوئے۔ نائیجریا کی فضائیہ نے منگل کو دعویٰ کیا ہے کہ شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے سربراہ ابوبکر شیکاؤ اور کئی دیگر سینیئر کمانڈر فضائی کارروائی میں مارے گئے ہیں۔
ائیر فورس کے ترجمان ثانی عثمان نے ایک بیان میں کہا کہ شیکاؤ کو کندھے پر زخم آئے جس سے اُن کی موت واقعہ ہوئی۔ ترجمان کے مطابق شیکاؤ اور دیگر کمانڈروں کو صمبیصا جنگل میں قائم بوکو حرام کے مرکز پر بمباری کر کے نشانہ بنایا گیا۔ ترجمان کے مطابق فضائی کارروائی میں بوکو حرام کے جو دیگر اراکین مارے گئے اُن میں ابوبکر مبئی، ملام نہحو اور ملام حمان شامل ہیں جب کہ کئی دیگر اراکین زخمی بھی ہوئے۔
اس سے قبل بھی نائیجریا کی طرف سے ابوبکر شیکاؤ کو ہلاک کرنے کا دعوے کیے گئے، لیکن اُس وقت اُن دعوؤں پر شکوک و شہبات کا اظہار کیا گیا جب ایسی ویڈیوز سامنے آئیں جن میں خود کو شیکاؤ ظاہر کرنے والے شخص نے اپنی ہلاکت کی خبروں کی تردید کی۔
نائیجریا کی ائیر فورس کے ترجمان عثمان کی طرف سے تازہ فضائی کارروائی میں شیکاؤ کی ہلاکت سے متعلق مزید معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ بوکو حرام کی طرف سے فوری طور پر سرکاری دعوؤں پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔