ابوجا (جیوڈیسک) نائیجیریا میں بس اسٹیشن پر دھماکے کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
نائیجیریا کے شمال مشرقی شہر گومبے میں بس اسٹیشن پر دھماکے کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق دھماکا خیزمواد اسٹیشن کے ساتھ کھڑی ایک بس کے قریب رکھا گیا تھا اوراس کے پھٹنے کے نتیجے میں 20 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ زخمیوں کو فوری طور اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ نائیجیریا کی حکومت نے 14 فروری کو ملک میں عام انتخابات کے انعقاد کا اعلان کر رکھا ہے لیکن مسلسل پرتشدد کارروائیوں اور بم دھماکوں نے سیکیورٹی خدشات میں اضافہ کر دیا ہے بالخصوص شمال مشرقی علاقوں میں جہاں امن و امان کی مخدوش صورتحال کے باعث الیکشن کا انعقاد ناممکن نظر آ رہا ہے۔