ابوجا (جیوڈیسک) نائجیریا میں شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے تازہ حملے میں سیکڑوں افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ اس دوران کئی املاک کو بھی آگ لگا دی گئی۔
مقامی رکن پارلیمنٹ نے بتایا کہ بوکو حرام نے گووزا قصبے کے کئی گاؤں پر حملہ کرکے متعدد گھروں، مساجد اور گرجا گھروں کو جلا دیا جس سے سیکڑوں افراد ہلاک ہو گئے جبکہ جان بچانے کی کوشش کے دوران علاقے سے نکلنے والے متعدد افراد کو بھی گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
مقامی افراد کے مطابق شدت پسند تنظیم کے حملے میں تقریباً 500 افراد ہلاک ہوئے تاہم خراب مواصلاتی نظام اور آزاد ذرائع سے تصدیق نہ ہونے کے باعث ہلاکتوں کی حتمی تعداد سے متعلق کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
واضح رہے کہ بوکو حرام تنظیم کی جانب سے یہ کوئی پہلا حملہ نہیں ہے، اس سے قبل بھی یہ تنظیم نائجیریا کے متعدد قصبوں اور علاقوں میں کئی حملے کر چکی ہے جس میں اب تک ہزاروں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ نائیجیرین حکومت ان کے سامنے پوری طرح بے بس نظر آتی ہے۔