نائیجیریا پاکستان سے جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے خریدے گا

JF17

JF17

کراچی (جیوڈیسک) برطانوی دفاعی جریدے کے مطابق نائیجیرین فضائیہ (این اے ایف) پاکستان اور چین کی طرف سے مشترکا تیار کردہ جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیاروں کی خریداری کے معاہدے پر دستخط کرنے والے ہیں۔

نائیجیریا جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیاروں کے ایک یا دو اسکواڈرن کی خریداری کے آرڈر کو حتمی شکل دینے کے قریب ہے۔ کراچی میں دفاعی نمائش آئیڈیاز 2014 کے موقع پر برطانوی دفاعی جریدے IHS Jane’sکو ایک سینئر پاکستانی وزارت دفاع کے عہدے دار نے بتایا کہ نائیجیرین فضائیہ کے سربراہ چیف ائیر مارشل ایڈوسولہ ننیون اموسوAdesola Nunayon Amosu کے اکتوبر میںپاکستان کا دورہ کیا، اس کے بعد نائیجیرین ائیر فورس 25 سے 40 جے ایف تھنڈر خریدنے کی حتمی شکل دے رہا ہے۔

نائیجیرین فضائیہ کے سربراہ نے اپنے دورہ پاکستان میں پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس (پی اے سی) کامرہ کا دورہ بھی کیا جہاں ان طیاروں کو تیار کیا جاتا ہے۔ پی اے سی نے 50 بلاک ون جے ایف تھنڈر تیار کیے ہیں اور 50 بلاک ٹو کی تیاری پر 2013کے آخر سے کام شروع ہے۔ پاک فضائیہ حکام کے مطابق بلاک تھری کی تیاری کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

پی اے ایف حکام نے بتایا کہ بلاک تھری کے جے ایف تھنڈر چوتھی جنریشن کی تمام صلاحیتوں کے حامل لڑاکا طیارے ہوں گے۔ چوتھی جنریشن کی اصطلاح مغربی طیاروں کے لئے استعمال کی جاتی ہیںجن میں لاک ہیڈ مارٹن ایف 16 بلاک 60، ساب گرپن، یورو فائیٹر ٹائیفون، ڈاسالٹ رافیل شامل ہیں۔

جے ایف 17 کی خریداری کے لئے ممکنہ گاہکوں میںمصر، نائیجیریا، میانمار، اور وینزویلا شامل ہیں۔ اعلیٰ پی اے ایف حکام کے مطابق جے ایف 17 مغربی مینوفیکچررز کی طرف سے تیار لڑاکا طیاروں کے مقابلے میںکم لاگت کے طیارے ہیں۔